جڑانوالہ واقعہ میں دشمن ملک کی ایجنسی ملوث،نیٹ ورک توڑ دیا،آئی جی پنجاب

لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہاہے جڑانوالہ واقعہ میں دشمن ملک کی ایجنسی ملوث ہے،مسلمانوں کو مسیحی برادری سے لڑانے کی سازش کی گئی،نیٹ ورک توڑدیا اب ایسے واقعات نہیں ہوں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہاجڑانوالہ واقعہ کے تانے بانے دشمن ملک کی خفیہ ایجنسی سے ملتے ہیں،موبائل فونز سے پتہ چلا تمام چیزیں سازش سے لنک ہیں، جب ٹیلیفون برآمد کیے تو شواہد ملے، تمام واقعات پاکستان کیخلاف سازش ہیں۔

عثمان انور نے کہاکسی کو قطعاً حق نہیں کسی کے گھر کو آگ لگائے، سازش کا آلہ کار نہ بنیں، یکجا ہو کر جنگ جیتنی ہے،جڑانوالہ واقعہ میں قانون ہاتھ میں لیا گیا، کچھ شرپسندوں نے گھروں و عبادت گاہوں کونقصان پہنچایا، متاثرین کی ہرممکن مدد کررہے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہاملوث 3 مرکزی ملزم گرفتار کر لیے سازش کرنے والوں کو سرگودھا اور جڑانوالہ سے پکڑا گیا، سازش کرنےوالوں کو کیفرکردارتک پہنچائیں گے، نیٹ ورک توڑدیا اب ایسے واقعات نہیں ہوں گے۔