نقوی حکومت ایک قدم اور آگے،ایل ڈی اے دستاویزات کی ڈلیوری سروس ”دستک“ شروع

لاہور ( خبر نگار)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا شہریوں کی سہولت کیلئے احسن اقدام ، ایل ڈی اے درخواستیں جمع کرانےوالے شہریوں کو دہلیز پر دستاویزات یا این او سیز فراہم کرے گا،محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر ایل ڈی اے نے گھروں میں دستاویزات کی ڈلیوری سروس ”دستک“ کا آغازکردیا۔

وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے اجلاس میں گھروں میں دستاویزات فراہمی کے پروگرام کی منظوری دی گئی، 75 سال سے زائد عمر کے بزرگ درخواست گزاروں کو دستاویزات گھر پر فری فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس میں دیگر شہروں میں رہائش پذیر درخواست گزاروں کےلئے بھی دستاویزات کی ڈلیوری سروس شروع کرنے کا جائزہ لیا گیا،ٹیپا میں ایم اینڈ آرڈائریکٹوریٹ قائم ،ایل ڈی اے کی پراپرٹی پر بل بورڈز نصب کرنے کی منظوری دی گئی اورسیوریج ٹرنک انفراسٹرکچر چارجزکے ازسر نو تعین کےلئے کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا اکبر چوک فلائی اوورز کے ساتھ کالج روڈ بھی بنے گی، پراجیکٹ میں کالج روڈ کی تعمیر وتوسیع شامل کرنے کےلئے ترمیم شدہ پی سی ون منظور کرلیا گیا۔