ڈبل شفٹ کام کرکے مڈھالی روڈ سیوریج منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے مڈھالی روڈ پر سیوریج کے جاری کام کو جلد مکمل کرنے کیلئے تمام وسائل لگانے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل شفٹ میں کام کر کے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ سڑک کی کارپیٹنگ مکمل کی جاسکے۔ اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں انہوں نے علامہ اقبال روڈ کی ایک سائیڈ کارپٹ ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان اور پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ مڈ ھالی روڈ پر 42انچ قطر سیوریج پائپ ڈالنے کا کام تیزی سے جاری ہے اور 811 میں سے 540 پائپ ڈالے جا چکے ہیں اس طرح 63 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اتوار سے ہائی سٹریٹ پر کارپیٹنگ کا آغاز کر دیا جائیگا جس کے بعد فتح شیر روڈ کی کارپیٹنگ ہوگی۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جنرل علیزہ ریحان نے کمشنر آفس اور میونسپل کارپوریشن آفسز میں ملازمین کی حاضری چیک کی اور غیر حاضر افسران و ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کئے۔