دسمبر کی 14 کے بعد 54 دن جمع کرلیں الیکشن کی تاریخ نکل آئیگی، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ 14 دسمبر کے بعد 54 دن جمع کرلیں الیکشن کی تاریخ نکل آئیگی۔ (ن) لیگی وفد کی چیف الیکشن کمشنر اور ممبران سے ملاقات ہوئی جس کے بعد سیاسی رہنماوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔

اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق الیکشن کروانے کا پابند ہے، الیکشن کمیشن کی دعوت پر آنے والے انتخابات سے متعلق امور پر بات چیت کی، الیکشن کمیشن نے اپنی تیاریوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے یقین دہانی کروائی ہے کہ سیاسی جماعتوں سے ضابطہ اخلاق شیئر کریں گے، 2018 والی شکایت کے ازالے کیلئے الیکشن کمیشن موثر اقدامات کریگا۔

احسن اقبال نے کہا کہ خواتین کی نشستیں بڑھانے سے متعلق بھی الیکشن کمیشن کو کہا گیا ہے، آئندہ الیکشن آئین اور قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کروائیگا۔ (ن) لیگی رہنما نے کہا کہ آئندہ انتخابات ملک کیلئے سنگ میل ثابت ہوں گے، ووٹرز کے اندارج کیلئے الیکشن کمیشن تاریخ کا اعلان کرے۔ اس موقع پر اعظم نذیر تارڑ بولے کہ حلقہ بندیاں 14 دسمبر سے پہلے مکمل کرنا ممکن ہے۔