صدر،الیکشن کمیشن میں ٹھن گئی،آپ کو انتخابات کی تاریخ دینے کااختیار نہیں،سکندر کا جوابی خط،ملاقات سے انکار

اسلام آباد، لاہور (بیورو رپورٹ+ کورٹ رپورٹر) صدر مملکت، الیکشن کمیشن میں ٹھن گئی، چیف الیکشن کمشنر کا ملاقات سے انکار، آپ کو انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں، سکندر نے علوی کو جوابی خط لکھ دیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت اہم اجلاس میں صدر مملکت کی جانب سے ملاقات کےلئے لکھے گئے خط پر غور کے بعد فیصلہ کیا گیا چیف الیکشن کمشنر صدر عارف علوی سے ملاقات نہیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں قانونی ٹیم کی جانب سے بریفنگ دی گئی الیکشن ایکٹ کے تحت صدر سے انتخابات کے شیڈول پر مشاورت ضروری نہیں۔

بعدازاں صدر مملکت عارف علوی کو لکھے گئے جوابی خط میں الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا فی الحال چیف الیکشن کمشنر صدر سے ملاقات نہیں کریں گے۔ آرٹیکل 58 ون کے تحت وزیراعظم کی سفارش پر 9 اگست کو اسمبلی تحلیل کی گئی، الیکشن ایکٹ کی سیکشن 57 میں ترمیم کے بعد انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، آرٹیکل 48 فائیوکو آرٹیکل 58 ٹو کےساتھ پڑھا جائے۔ وزیراعظم کی سفارش پر اسمبلی تحلیل کی جائے تو کمیشن کو عام انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار ہے۔

خط میں کہا گیا آرٹیکل 48 کی شق 5 غیررکاوٹ شدہ ہے، صدر 58 ٹو، 48 فائیو کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے اسمبلی تحلیل کرے تو الیکشن کی تاریخ دیتا ہے، آرٹیکل 48 ون کے تحت صدر، وزیراعظم کے مشورے پر عمل کریگا، بات ریکارڈ پر ہے قومی اسمبلی وزیراعظم کے مشورے پر تحلیل کی گئی لہٰذا آرٹیکل 48 فائیو قابل غور نہیں رہتی لیکن اگر 58 ون کے تحت وزیراعظم کی سفارش پر صدر اسمبلی تحلیل کرے تو تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، آپ کے خط میں دی گئی شرائط موجودہ صورتحال میں لاگو نہیں ہوتیں، ملک میں حلقہ بندیاں بھی جاری ہیں، الیکشن کمیشن نے ایکٹ کی سیکشن 17 ٹو کے تحت امیدواروں، سیاستدانوں اور ووٹرز کے حقوق کو تحفظ دینے کیلئے حلقہ بندیاں کرانے کا فیصلہ کیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے جوابی خط میں مزید کہا انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری کمیشن سنجیدگی سے لیتا ہے، الیکٹورل روڈ میپ پر سیاسی جماعتوں کو مشاورت کےلئے مدعو کیا، الیکشن کمیشن صدر کو احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے، مناسب وقت پر قومی معاملات پر صدر سے ملاقات کر کے رہنمائی لینا اعزاز کی بات رہی، صدر سے ملاقات باعث افتخار ہے، مناسب وقت پر قومی معاملات پر رہنمائی لیں گے، کمیشن کی رائے ہے موجودہ صورتحال میں ملاقات کے محدود اثرات ہوں گے۔

دریں اثنا ایوان صدر نے الیکشن کمیشن کے خط پر وزارت قانون و انصاف سے آئینی رائے مانگ لی، سیکرٹری وزارت قانون و انصاف کے نام لکھے خط میںایوان صدر کی جانب سے سوال اٹھایا گیا الیکشن کمیشن کا کہنا ہے انتخابات کی تاریخ دینا ای سی پی کا کام ہے، وزارت قانون رائے دے کیا الیکشن کمیشن کا موقف درست ہے؟ ۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں سے مشاورت شروع کردی، پی ٹی آئی، جے یوآئی کے وفود نے چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر حکام سے ملاقات کی۔ دونوں جماعتوں نے تجاویز پیش کیں۔


ملاقات کے بعد پی ٹی آئی وفد کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر نے کہا 3 نکات پر بات کی گئی، الیکشن کمیشن کو کہا ہے 90 روز میں انتخابات پر تعاون کیلئے تیار ہیں، واضح کرنا چاہتے ہیں مردم شماری کیلئے آئین میں ترمیم ضروری ہے جس کیلئے قومی اسمبلی موجود نہیں۔

جے یوآئی رہنما عبدالغفورحیدری نے کہا الیکشن کمیشن کو اپنا موقف دہرایا آئین کے دائرے میں شفاف انتخابات چاہتے ہیں، ایسے الیکشن چاہتے ہیں جس پر پوری قوم متفق ہو۔

ادھر مسلم لیگ (ن) کا وفد جمعہ اور پیپلز پارٹی کا وفد 29 اگست کو ملاقات کرےگا۔ لیگی وفد میں احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، زاہد حامد، رانا ثنا، سعد رفیق، امیر مقام اور عطاتارڑ شامل ہیں۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے صدر مملکت کوعام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے احکامات کےلئے درخواست کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرکے عدالتی معاونت کےلئے طلب کرلیا۔ عدالت نے سماعت 6 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دئیے الیکشن کرانے کی ٹائم لائن 90 دن ہے۔