چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف درج کیس میں مزید دفعات شامل

لاہور(کرائم رپورٹر،کورٹ رپورٹر)سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف درج کیس میں مزید دفعات شامل کردی گئیں،بغاوت پر اکسانے ،جنگ چھیڑنے ،دنگا فساد، مختلف طبقات میں دشمنی کے فروغ کیلئے بیانات دینے کی دفعات شامل ہیں۔

پولیس رپورٹ کے مطابق کیس ڈائری کے مطابق دفعات کا اضافہ 18 اگست کو کیا گیا۔

ادھر خصوصی عدالت نے پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں تفتیش کی اجازت دےدی،جج اعجاز بٹر نے پولیس کی درخواست پرحکم جاری کیا۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی نے انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے ضمانت درخواستیں خارج کرنے کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا،سابق وزیراعظم نے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے لاہور ہائی کورٹ میں 7 درخواستیں دائر کردیں، اے ٹی سی، سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا اٹک جیل میں ہوں، عدم پیشی پر انسداد دہشت گردی عدالت نے ضمانت درخواستیں خارج کردیں، جیل میں ہونے کے باعث عدالت پیش ہونا میرے اختیار اور کنٹرول میں نہیں ،اے ٹی سی نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا اور ضمانتیں خارج کر دیں،چیئرمین پی ٹی آئی نے استدعا کی لاہور ہائیکورٹ انسداد دہشتگردی عدالت کا ضمانت درخواستیں خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔