طاقت کے زور پر بات منوانے کے خواہشمند غلط فہمی دور کرلیں ،نگران وزیراعظم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے، طاقت کے زور پر اپنی بات منوانے کے خواہشمند غلط فہمی دور کرلیں ایسا کچھ نہیں ہوگا، نگراں حکومت کی ذمہ داری انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے، چیئر لفٹ واقعہ پر کروڑوں لوگ پریشان رہے، بار بار اپنے بیٹے کا چہرہ سامنے آرہا تھا، آپریشن کی کامیابی سب کا اجتماعی کریڈٹ ہے۔


بٹگرام میں کامیاب چیئر لفٹ آپریشن میں حصہ لینے والوں کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی۔ نگران وزیراعظم نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے ایس ایس جی کمانڈوز، مقامی افراد کو انعامات، اسناد سے نوازا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے لمحہ خوشی منانے کا ہے، تلخ واقعات زندگیوں کا حصہ ہیں، ریسکیو آپریشن کی کامیابی کےلئے بہترین حکمت عملی تیار کرنےوالوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا طالب علموں کا مدد کیلئے آنے والے فوجی جوانوں کو دیکھ کر حوصلہ بلند ہوا، بچوں نے دور سے فوجیوں کو دیکھ کر کہا اب بچ جائیں گے، سب کا اجتماعی کریڈٹ ہے، دعائیں قبول ہوئیں، ایمان ہے فیصلے آسمان پر ہوتے ہیں، بٹگرام چیئر لفٹ واقعہ پر پوری دنیا کی نظریں تھیں، دنیا دیکھ رہی تھی پاکستان مشکل سے کیسے نمٹے گا، چیئر لفٹ واقعہ پر کروڑوں لوگ پریشان رہے، ملک کے مستقبل کو بچایا، بار بار اپنے بیٹے کا چہرہ سامنے آتا رہا، سوچ رہا تھا بیٹا نور الحق ہوتا تو میری کیا کیفیت ہوتی، انتہائی صفائی سے ریسکیو پلان بنا کر سب کو بحفاظت نکالا گیا، کوئی جھول یا کمی رہ جاتی تو بڑا نقصان ہوتا۔

نگران وزیراعظم نے کہا گزشتہ روز وزیرستان میں فوجی جوانوں کی شہادتیں ہوئیں، شہدا کو نہیں بھولیں گے، شہدا خونی رشتہ داروں سے بڑھ کر ہیں، جو عناصر سمجھتے ہیں ہمارا طرز زندگی، انداز گفتار، رہن سہن بزور طاقت و شمشیر بدل دیں گے وہ اپنی غلط فہمی دورکرلیں، ایسا کبھی نہیں ہوگا، ہمارا گھر ہے، کہیں نہیں جا رہے، گھرکا نظام بااختیار اور باصلاحیت لوگوں کے پاس ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا وقت محدود ہے، زیادہ مینڈیٹ نہیں، کام انتخابی عمل میں معاونت ہے، کچھ لوگ سمجھتے ہیں میں اختیار سے زیادہ بات کررہا ہوں، یاد دلا دوں نگراں وزیراعظم کے علاوہ شہری بھی ہوں، بطور شہری اپنی رائے کا اظہار کرنے سے مجھے کوئی نہ روکے، مادر وطن کےلئے جانیں قربان کرنے والے ہیرو ہیں، ہر شعبہ زندگی میں ملک کےلئے خدمات انجام دینے والوں پر فخر ہے، پاکستان کا تحفظ ذمہ داری ہے، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا تمام اداروں نے ریسکیوآپریشن کےلئے بروقت اقدامات کئے، مربوط حکمت عملی کے تحت تمام ریسکیو آپریشن مکمل کیا گیا، نگران وزیراعظم کی ہدایت پر فوری اقدامات کئے گئے۔

دریں اثنا نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوار الحق نے ملاقات کی، انوار الحق کاکڑ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ نگران وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے کشمیر کےلئے غیرمشروط حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا پاکستان تنازع کے حل تک کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔

علاوہ ازیں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کابینہ کمیٹی توانائی تشکیل دےدی، وزیر پاور و پٹرولیم کو چیئرمین مقرر کردیا گیا۔ وزیر خزانہ، ریونیو، اقتصادی امور و نجکاری، وزیر منصوبہ بندی، مواصلات، ریلویز و میری ٹائم افیئرز، وزیر قانون، موسمیاتی تبدیلی اور آبی وسائل کمیٹی اراکین میں شامل ہیں، سابق دور میں شہبازشریف بطور وزیراعظم کابینہ کمیٹی توانائی کے چیئرمین تھے۔ نگراں وزیراعظم نے کابینہ توانائی کمیٹی کی سربراہی اپنے پاس نہیں رکھی۔

مزید برآں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی ملے، سیاحت کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔


نگران وزیراعظم نے کہا گلگت بلتستان میں سیاحت کے وسیع مواقع سے بھرپور طریقے سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا، گلگت بلتستان کی پسماندگی دور کرنے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔

انوارالحق کاکڑ نے دورہ گلگت بلتستان اور قانون ساز اسمبلی سے خطاب کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہاجلد گلگت بلتستان کا دورہ کرکے یونیورسٹی کے طلباءسے ملاقات کروں گا۔

نگران وزیراعظم نے کہا وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے مسائل کے حل اور لوگوں کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی، گلگت بلتستان کے عوام بہت مہمان نواز ہیں ،متعدد بار خود تجربہ کر چکا ہوں۔