سپریم کورٹ میں توشہ خانہ کیس پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم تک ملتوی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم کی توشہ خانہ کیس میں سزا کےخلاف درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم تک ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی ، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ابھی چل رہی ہے، چیف جسٹس ہائیکورٹ کا کیس سننا قابل تعریف ہے،کوششوں کو سراہتا ہوں، اسلام آباد ہائیکورٹ معاملے کو دیکھ رہی ہے، بہتر ہو گا پہلے ہائیکورٹ کو معاملے پر فیصلہ کرنے دیں۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کیا اٹارنی جنرل آفس سے کوئی آیا؟ حکم نامے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں رہنے کی صورتحال کا پوچھیں گے، اٹارنی جنرل سے پوچھیں گے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں کس حال میں رکھا ہے ، سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات کی رپورٹ طلب کر لی۔

وکیل سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہائیکورٹ کے سامنے تمام نکات پر دلائل دئیے ،چیف جسٹس نے کہا آپ کا یہی شکوہ تھا آپ کو سنا نہیں جا رہا اب آپ کے تمام دلائل سن لیے گئے ، ہائیکورٹ سے یہی امید رکھیں وہ آپ کے نکات پر فیصلہ دے گی،ممکن ہے اسلام آباد ہائیکورٹ ریلیف دیدے۔

چیف جسٹس نے کہا سسٹم کی یہی خوبصورتی ہے ہر کیس باقاعدہ طریقے کے بعد سپریم کورٹ میں آتا ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز پر تنقید نہ کیا کریں،بہت تکلیف ہوتی ہے جب وکلا ہائیکورٹ کےخلاف بیانات دیتے ہیں، سول کورٹ، مجسٹریٹ یا ہائیکورٹ سپریم کورٹ کے ماتحت نہیں ، مجسٹریٹ سے لےکر ہائیکورٹ تک سب قابل احترام ہیں، کوئی بھی عدالت خود کو سپریم کورٹ کے ماتحت نہ سمجھے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے میڈیا پر غصے میں ججز پر تنقید کی جاتی ہے، آئین و قانون کے تحت فیصلے اپنے عہد کے مطابق کرتے رہیں گے،سپریم کورٹ نے درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم تک ملتوی کر دی۔