ایمانداری سے آگے بڑھیں گے،شفاف انتخابات یقینی بنائینگے،نگران وزیراعظم

اسلام آباد، کراچی (بیورو رپورٹ) کابینہ نے آئندہ ہفتے قومی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانفرنس میں بین الاقوامی سطح کے مختلف مذاہب اور مکاتب فکر کے علما کو مدعو کیا جائے، کانفرنس پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کےلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت عبوری وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو جڑانوالہ دورے سے آگاہ کیا، انوار الحق کاکڑ نے کہا ملک میں انتہاپسندی، مذہبی کشیدگی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائےگی، پاکستان میں موجود اقلیتوں کا تحفظ ریاست کے اوّلین فرائض کا حصہ ہے، جڑانوالہ واقعہ میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا یقینی بنائی بنائیں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھیں گے، معمول کی پالیسیوں پرعمل پیرارہیں گے،آئین کے تحت نگران حکومت مختصر مدت کےلئے آئی، روزمرہ کے حکومتی معاملات چلانے کا اختیار ہے، بنیادی ذمہ داری انتخابات کےلئے بھرپور معاونت فراہم کرنا ہے، حکومتی نظام کارمیں بڑی تبدیلی نہیں لاسکتے، قواعد و ضوابط میں سنگین خلاف ورزی کی صورت میں مداخلت کااختیار حاصل ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہاقومی اسمبلی آئینی مدت مکمل کرکے تحلیل ہوچکی، الیکشن ابھی ہونے ہیں، پارلیمان کا ایوان بالا کام کررہا ہے جب تک قومی اسمبلی کاایوان نہیں آجاتا قانون سازی نہیں ہوسکتی، تمام وزرا کی اپنی وزارتوں سے بریفنگ کا عمل شروع ہوچکا، آئندہ کابینہ اجلاس کے ایجنڈے کافیصلہ بریفنگ کی بنیاد پر کیاجائے گا۔

وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر مالی سال 2023-24 کےلئے دیت کی رقم جو 30630 گرام چاندی کے برابر ہوتی ہے، کو 67 لاکھ 57 ہزار 902 روپے مقرر کردیا۔

دریں اثنا وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کراچی میں بابائے قوم کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادرچڑھائی، فاتحہ خوانی کی، نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر اور کابینہ اراکین بھی ساتھ تھے۔ انوار الحق کاکڑ نے مزار قائد پر حاضری کے دوران مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔

اس موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا محدود وقت کےلئے آئے ہیں، ایماندارانہ طرز عمل کےساتھ آگے بڑھتے نظر آئیں گے، کابینہ کے چند اراکین کےساتھ مزار قائد پر حاضری دی، نگران حکومت آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے کےلئے پرعزم ہے،نظریہ پاکستان کو عام کرناترجیح ہے، قائداعظم نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی بات کی، ہر شہری کے حقوق کا تحفظ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا الیکٹورل پراسس کو مانیٹر کرنے کےلئے تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے، اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، کوشش ہوگی الیکشن کا انعقاد غیرجانبدارانہ اور آزادانہ ہو۔

دریں اثنا نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے سابق رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی کی قیادت میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 6 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے نگران حکومت کی جانب سے بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے اپنی تمام تر کوششوں کی یقین دہانی کرائی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے چیئرپرسن قومی کمیشن برائے حقوق اطفال عائشہ رضا فاروق بھی ملیں۔ عائشہ رضا فاروق نے انوار الحق کاکڑ کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پرنگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہابچوں کے حقوق کی پامالی کرنےوالے مجرموں کےخلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کی جائےگی اورجلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا، ملک میں بچوں کے حقوق کے تحفظ و قومی کمیشن برائے حقوق اطفال کو سہولت فراہم کرنے کےلئے موثر قانون سازی کی جائےگی۔