لاہور(کورٹ رپورٹر) سرکاری ٹھیکوں میں گھپلوں و کک بیکس کیس میں احتساب عدالت نے 29اگست تک ریمانڈ منظور کرکے پرویزالٰہی کو نیب کے سپرد کردیا۔
دوران سماعت وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا پرویز الٰہی کی بار بار گرفتاری کا معاملہ لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کو حکم دیا 21 اگست تک کیس سن کر فیصلہ کریں، لاہور ہائیکورٹ میں ابھی تک کیس سنا نہیں گیا، عدالت مناسب وقت کےلئے اگر پرویز الٰہی کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لے تو کوئی اعتراض نہیں۔
جج زبیر شہزاد کیانی نے استفسار کیا آپ بتا دیں کتنے دن کےلئے متفق ہیں، وکیل نے کہا پیر تک اگر ریمانڈ دےدیا جائے تو کوئی اعتراض نہیں، پرویز الٰہی کےساتھ کمر کا مسئلہ بھی ہے، درخواست ہے پرویز الٰہی کے ذاتی ڈاکٹر کو چیک اپ کی اجازت دی جائے۔
سماعت کے دوران پرویز الٰہی روسٹرم پر آ گئے اور عدالت سے کہا میرے گھٹنے سوجے ہوئے ہیں، طبیعت ٹھیک نہیں ،گزارش ہے پرسنل ڈاکٹر کو چیک اپ کی اجازت دی جائے، فیملی کےساتھ ایک ہفتے میں ایک ملاقات ہوتی ہے،بعد ازاں عدالت نے پرویز الٰہی کا 29 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
ادھر احتساب عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا میں ، پی ٹی آئی فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کیونکہ فوج کی ملک کےلئے بڑی قربانیاں ہیں،دل کی گہرائیوں سے عدلیہ ،میڈیا کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا میڈیا اسمبلیوں کی عدم موجودگی میں ہونےوالا ظلم دکھا رہا ہے، شاہ محمود قریشی کا نام سائفر میں ڈالنا انتہائی افسوس کی بات ہے، میرا پیغام ہے وہ پی ٹی آئی کےساتھ کھڑے رہیں،الیکشن وقت پر نہیں ہورہے، عدلیہ کے پاس جائیں گے، چرچل نے اپنی ٹیم سے جنگ میں پوچھا ملک کی عدالتیں انصاف کر رہی ہیں تو بتایا گیا انصاف کر رہی ہیں تو چرچل نے کہا جنگ نہیں ہاریں گے۔
فوج کی ملک کیلئے بڑی قربانیاں،قریشی ڈٹے رہیں،پرویزالٰہی،کرپشن کیس میں ریمانڈ



















