جڑانوالہ(نامہ نگار،تحصیل رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جڑانوالہ واقعہ کے متاثرین کیلئے 20، 20لاکھ روپے فی گھر امداد کا اعلان کر دیا،نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے جڑانوالہ کے علاقے عیسیٰ نگر پہنچے جہاں انہوں نے متاثرہ چرچز اور گھروں کا جائزہ لیا، نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے دورے کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ رہی،نگران صوبائی وزرا ءبھی محسن نقوی کے ہمراہ تھے، نگران وزیراعلیٰ نے اے ای سی چرچ کا دورہ کیا اور دعائیہ تقریب میں شرکت کی، تقریب میں پاکستان کی سالمیت، استحکام، ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کی گئی،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ یہ ملک ہر پاکستانی کا ہے، مسلم، مسیحی، سکھ، ہندو سب ایک ہیں، ہم ہر مظلوم کے ساتھ ہیں، ظالم کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، اے ای سی چرچ کا گرانڈ فلور کی تعمیر و مرمت مکمل ہو چکی ہے، چرچ کو تزئین و آرائش کے بعد عبادت کیلئے کھول دیا ،نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا مسیحی برادری کی عبادت گاہوں کی مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے، جڑانوالہ واقعہ کے متاثرین کو 20 لاکھ روپے فی گھرانہ امداد کے طور پر دیں گے، ہمارا وعدہ ہے جڑانوالہ واقعہ کے متاثرین کو انصاف ضرور ملے گا، ہماری پوری ٹیم دن رات کام کر رہی ہے،محسن نقوی نے چرچ کے باقی ماندہ کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، صوبائی وزرا، سینیٹر کامران مائیکل، خلیل ظاہر سندھو، بشپ آزاد مارشل، چرچ کے پادری و دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے،مسیحی براد ری سے اظہار یکجہتی کے لئے نگران وزیراعلی محسن نقوی نے چرچ کے اندر کابینہ کا اجلاس منعقد کیا ۔ چرچ میں منعقد کئے گئے اجلاس میں تمام وزرا ءاورمتعلقہ حکام شریک ہوئے ، اجلاس میں چیف سیکرٹری نے کابینہ کا یک نکاتی ایجنڈا پیش کیا۔ نگران کابینہ نے متفقہ طورپر جڑانوالہ واقعہ کیلئے 20لاکھ روپے فی گھر امداد کی منظوری دےدی،واقعہ میں نذرآتش ہونے والے ہرگھر کے مالک کو 20لاکھ روپے فوری طورپر ملیں گے ۔ سارے گرجاگھروں کی عیسائی برادر ی کی مرضی کے مطابق تعمیر وبحالی کی جائے گی۔
نگران پنجاب حکومت کا جڑانوالہ متاثرین کیلئے 20لاکھ فی گھر امداد کا اعلان

















