بلدیہ عظمیٰ، سپیشل سکواڈ برائے انسداد تجاوزات کا ”جگا ٹیکس“ کمشنر کیلئے دردِ سر بن گیا

لاہور (خبر نگار) بلدیہ عظمیٰ لاہور کا سپیشل سکواڈ برائے انسداد تجاوزات کا ”جگا ٹیکس“ کمشنر لاہور ڈویژن کیلئے دردِ سر بن گیا۔ ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے منع کرنے کے باوجود سپیشل سکواڈ کا معصوم شہریوں کی جیبوں پر ڈاکوں کا سلسلہ ماند نہ پڑسکا، الٹا آسان ذرائع سے حاصل ہونےوالی بے تحاشا آمدن پر اعلیٰ ریگولیشن افسر سمیت ماتحت عملہ بھی کمشنر کے احکامات کے سامنے ڈٹ گیا۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سپیشل سکواڈ پورے لاہور کی انکروچمنٹ، پٹرول مشینوں اور گیس سلنڈر کی دکانوں سے ماہانہ 35 لاکھ روپے سے زائد کا جگا ٹیکس اکٹھا کرتا ہے اور اسکے علاوہ روزانہ کی کارروائیوں کے ذریعے ایک لاکھ روپے تک کی لوٹ مار الگ سے کی جاتی ہے۔ ذرائع نے حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کی پاداش میں مقدمے اور محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنیوالا کلرک قیصر حنیف معطلی کے بعد بھی سپیشل سکواڈ کی لگام سنبھالے ہوئے ہے اور گھر بیٹھے ہی حکم جاری کرکے ریڈ انچارج عثمان مغل اور افتخار جھارا کے ذریعے پیسے اکٹھے کروا کے افسروں میں تقسیم کررہا ہے۔ ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ تین ریڈ انسپکٹر عثمان بٹ، سلمان اور فیصل بٹ سپیشل سکواڈ کے دو ٹرکوں کو تین شفٹوں میں چلا کر جو سامان اکٹھا کرتے ہیں، اسے پرانی بکرمنڈی میں واقع سٹور پر لا کر غیرقانونی طریقے سے فروخت کردیتے ہیں، عوام کی روزی روٹی کے ذرائع کو اٹھا کر جس بیدردی سے کسی اور کے ہاتھوں فروخت کیا جاتا ہے، اس دھندے میں سٹور کیپر طاہر بٹ، یاسر اور کلرک قیصر حنیف کا پرائیویٹ رشتہ دار مہر عثمان بھی ملوث ہیں جبکہ اس غیرقانونی کھیل کی براہ راست سرپرستی وسیع اثرورسوخ کا حامل جانا جانیوالا میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن فیصل شہزاد کررہا ہے۔ افسوس کہ جس جاہ و جلال کے ساتھ کمشنر لاہور ڈویژن نے سپیشل سکواڈ کو کارروائیوں سے روکنے کے احکامات جاری کئے تھے اس پر عملدرآمد تو درکنار معمولی سی کمی بھی نہ لائی جاسکی ہے۔