لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، لائیو سٹاک، مائن و معدنیات پنجاب ابراہیم مراد نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے انارکلی سٹیشن کا دورہ کیا اور تمام انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر ابراہیم مراد کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں پبلک ٹرانسپورٹ عام عوام کیلئے بڑے ریلیف کا باعث ہے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین میں روزانہ کی بنیاد پر ایک لاکھ سے زائد لوگ سفر کرتے ہیں۔ لوگوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ عوام کو فراہم کی جانے والی سفری سہولیات کے حوالے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائےگی۔ صوبائی وزیر ابراہیم مراد نے انارکلی میٹرو سٹیشن پر آٹومیٹک ٹکٹ مشین خراب ہونے کا نوٹس لیا اور افسران کی سخت سرزنش کی۔ ابراہیم مراد نے سٹیشن پر موجود ایک معذور شخص کی شکایات سنیں اور ازالے کا فوری حکم بھی دیا۔صوبائی وزیر نے ٹکٹوں کے حصول کےلئے قطاروں میں لگے عام عوام سے بھی مسائل بارے دریافت کیا اور خود اورنج لائن میٹرو ٹرین پر انارکلی میٹرو سٹیشن سے ریلوے میٹرو سٹیشن تک کا سفر بھی کیا۔ صوبائی وزیر ابراہیم مراد نے لوری اڈہ لاہور کا دورہ بھی کیا۔ لاری اڈہ کے احاطے میں سڑک پر کھڑے پانی کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو فوری پانی نکالنے کی ہدایات جاری کیں۔ صوبائی وزیر نے بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی کی بدولت لوری اڈہ کی منقطع بجلی کا مسلہ بھی جلد از جلد حل کرنے کی تلقین کی اور اڈے پر مسافروں کیلئے قائم کردہ واشرومز مکمل طور پر فنکشنل نہ ہونے پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا۔ اڈے پر موجود لوگوں نے صوبائی وزیر ابراہیم مراد کا دورہ کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا اور شکایات کے انبار لگا دیے۔ ابراہیم مراد کا اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسائل کے مقابلے میں وسائل بہت کم ہیں لیکن پنجاب کی نگران حکومت عام عوام کی سہولیات و بہتری کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنے پر کام کریں۔دریں اثنا صوبائی وزیر محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب ابراہیم مراد نے ایم 4 موٹروے پر ہونے والے بس حادثے کا نوٹس لے لیا۔ بس حادثے کے ذمہ داران کو مکمل تحقیقات کے بعد کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔حادثے میں زخمی ہونے والے 12 افراد کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں بس کمپنی مالکان کی جانب سے گاڑیوں کی فیٹنس کا بلکل خیال نہیں رکھا جاتا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسا لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے جس کے تحت کسی بھی ان فِٹ بس یا ویگن کو پنجاب و دیگر صوبوں کی حدود میں داخل ہوتے وقت روکا جائے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں روزمرہ کی بنیاد پر گاڑیوں کی فیٹنس چیک کرنے والے میکینک خضرات بھی زیادہ تر قابل نہیں ہوتے۔ لمبے رُوٹ پر سفر کرنے والی تمام گاڑیوں کی فیٹنس 100 فیصد ہونی چاہیے. ابراہیم مراد نے کہا کہ آج موٹر وے پر ہونے والے 18 قیمتی جانوں کے نقصان پر بہت افسوس ہوا، اللہ سبحانہ وتعالی لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ صبح قریب 4 بجے شہزادہ کمپنی کی بس 33 سواریوں کے ہمراہ کراچی سے اسلام آباد جا رہی تھی کہ شورٹ سرکٹ کے باعث بس میں آگ لگ گئی جس کے باعث بس ویگن سے جا ٹکرائی جس میں ڈیزل و پیٹرول لے جایا جا رہا تھا۔
مہنگائی کے دور میں سستی پبلک ٹرانسپورٹ عوام کیلئے بڑا ریلیف ہے :ابراہیم مراد



















