اسلام آباد(بیورورپورٹ)فوج کو بدنام کرنے پر قید وجرمانہ،قانون نافذ،صدر مملکت نے آفیشل سیکریٹ ،آرمی ایکٹ کی منظوری دےدی،عارف علوی کے دستخط کرنے سے آفیشل سیکریٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل قانون بن گیا۔
آفیشل سیکریٹ ترمیمی بل کے مطابق کوئی شخص جان بوجھ کر امن عامہ کا مسئلہ پیدا کرتا ہے، ریاست کےخلاف کام کرتا ہے، ممنوعہ جگہ پر حملہ کرتا یا نقصان پہنچاتا ہے جس کا مقصد براہ راست یا بالواسطہ دشمن کو فائدہ پہنچانا ہے تو جرم کا مرتکب ہوگا،الیکٹرانک یا جدید آلات کےساتھ یا بغیر ملک کے اندر یا باہر سے دستاویزات یا معلومات تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے والا مجرم تصور ہوگا، پاکستان کے اندر یا باہر ریاستی سکیورٹی یا مفادات کےخلاف کام کرنےوالے کےخلاف بھی کارروائی ہوگی، جرائم پر 3 سال قید، 10 لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوں گی۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ملزم کا ٹرائل خصوصی عدالت میں ہو گا اور خصوصی عدالت 30 دن کے اندر سماعت مکمل کرکے فیصلہ کرے گی۔
آرمی ایکٹ کے مطابق کوئی بھی فوجی اہلکار ریٹائرمنٹ، استعفے یا برطرفی کے 2 سال بعد تک سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے گا جبکہ حساس ڈیوٹی پر تعینات فوجی اہلکار یا افسر ملازمت ختم ہونے کے 5 سال تک سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے گا،خلاف ورزی کرنےوالے اہلکار کو 2سال تک قید با مشقت کی سزا ہو گی۔
حاضر سروس یا ریٹارڈ فوجی اہلکار ڈیجیٹل، الیکٹرانک یا سوشل میڈیا پر کوئی ایسی بات نہیں کرے گا جس کا مقصد فوج کوسکینڈلائز کرنا یا تضحیک کرنا ہو، جرم کرنےوالے کےخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی، سزا الیکٹرانک کرائم ایکٹ کے تحت ہو گی،آرمی ایکٹ کے تحت کوئی حاضر سروس یا ریٹائرڈ اہلکار فوج کو بدنام کرے یا نفرت انگیزی پھیلائے گا آرمی ایکٹ کے تحت 2 سال تک قید اور جرمانہ ہو گا،آرمی ایکٹ 26 اے میں نئے سیکشن کا اضافہ کردیا گیا جس کے مطابق سرکاری حیثیت میں حاصل شدہ معلومات جو پاکستان و افواج کی سکیورٹی اور مفاد پرہو افشا کرے گا تو5سال قید بامشقت تک سزا ہو سکے گی، البتہ آرمی چیف یا بااختیار افسر کی جانب سے منظوری کے بعد غیر مجاز معلومات دینے پر سزا نہیں ہو گی، راز افشا کرنے والے شخص کو آرمی اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت نمٹا جائےگا۔
فوج کو بدنام کرنے پر قید وجرمانہ،صدر نے آفیشل سیکریٹ ،آرمی ایکٹ کی منظوری دےدی

















