آئی بی کی ہاوسنگ سوسائٹی ہوگی تو کون مقابلہ کرےگا؟،سپریم کورٹ
اسلام آباد (بیورورپورٹ)چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے از خود نوٹس کا مقصد عوامی مفاد کا تحفظ ہے،سرکاری اداروں کی ہاوسنگ سوسائٹیوں کے معاملے پر الگ سے از خود نوٹس ہو سکتا ہے،آئی بی کی ہاوسنگ سوسائٹی ہوگی تو کون مقابلہ کرےگا؟ دیکھتے ہیں زمینوں پر قبضے کے معاملے پر از خود نوٹس لینا ہے یا نہیں۔
سپریم کورٹ میں ہاوسنگ سوسائٹیوں کے فرانزک آڈٹ کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے کی،جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے اگر آئی بی کی ہاوسنگ سوسائٹی ہوگی تو کون مقابلہ کرے گا؟، دیکھتے ہیں زمینوں پر قبضے کے معاملے پر از خود نوٹس لینا ہے یا نہیں،بہتر ہوگاکوئی درخواست سامنے آ جائے، از خود نوٹس لینے میں محتاط ہیں، از خود نوٹس کا مقصد عوامی مفاد کا تحفظ ہے۔
چیف جسٹس نے کہاایف آئی اے رپورٹ کا جائزہ لیا ، رپورٹ کے مطابق 175 ارب کا نقصان ہوا،رپورٹ میں مجموعی تخمینہ دیا گیا مگر سوسائٹیوں سے وضاحت طلب نہیں کی گئی۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے ایف آئی اے کیسے نجی بزنس میں اپنا نام استعمال کر سکتا ہے؟ کیا مفادات کا ٹکراونہیں ؟ایف آئی اے پر زمینوں پر قبضے کے سنگین الزامات ہیں، آئی بی بھی بظاہر زمینوں پر قبضوں میں ملوث ہے،اداروں کا کام عوام کی خدمت کرنا ہے ہاوسنگ سوسائٹی چلانا نہیں،بعد ازاں سماعت غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی کر دی گئی ۔

















