نئی حلقہ بندیوں کیلئے4ماہ کاوقت مختص،عام انتخابات 90دن میں نہیں ہوسکتے،الیکشن کمیشن

اسلام آباد(بیورورپورٹ)7ویں مردم شماری کے تحت نئی حلقہ بندیاں کرانے کی منظوری ،4ماہ کاوقت مختص جبکہ الیکشن کمیشن نے واضح کیاہے عام انتخابات 90 دن میں نہیں ہوسکتے ،حلقہ بندیوں کا کام 4 ماہ میں مکمل کرلیا جائےگا۔

چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ کی زیر صدارت اجلاس میںعام انتخابات و نئی مردم شماری کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،اجلاس میں نئی حلقہ بندیوں کا کام 4ماہ میں مکمل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کام کاآغاز بھی کردیا گیا۔

ترجمان نے کہا نئی حلقہ بندیوں کیلئے شیڈول کانوٹیفکیشن جاری کرکے صوبائی حکومتوں اور ادارہ شماریات سے معاونت طلب کرلی جبکہ متعلقہ حکام کو نئی حلقہ بندیوں کے احکامات جاری کر دیئے ۔

اعلامیے کے مطابق قومی وصوبائی اسمبلیوں کے الیکشن نئی حلقہ بندیوں کے تحت ہوں گے،عام انتخابات 90 دن میں نہیں ہو سکتے، حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت 14دسمبرکو ہوگی، ملک بھر میں8 ستمبر سے7 اکتوبر تک حلقہ بندیاں ہوں گی، اکتوبر سے 8 نومبر تک حلقہ بندیوں کی تجاویز دی جائیں گی، 5 سے7 ستمبر تک قومی وصوبائی اسمبلیوں کا کوٹہ مختص کیا جائےگا، انتظامی امور 31 اگست تک مکمل کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کی حلقہ بندی کمیٹیاں 21 اگست تک قائم کردی جائیں گی، الیکشن کمیشن 10 نومبر سے 9 دسمبر تک اعتراضات پر فیصلے کرےگا،نئی حلقہ بندیوں کو 14 دسمبر تک حتمی شکل دی جائےگی،14 دسمبر تک حلقہ بندیاں مکمل کرنے کے بعد الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کا اعلان کرےگا،اعلامیے میں مزید کہاگیاڈیجیٹل مردم شماری کی حتمی اشاعت کردی ، انتخابی ایکٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیاں کرنے کا پابند ہے۔

ادھر سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنوردلشاد نے کہاحلقہ بندیوں کے بعد 15 جنوری تک الیکشن ہو جائیں گے، الیکشن کمیشن نے تمام شکوک و شہبات ختم کر دیئے ،الیکشن کمیشن نے اچھا روڈ میپ دیا ، حلقہ بندیوں کا سارا مرحلہ 15 نومبر تک مکمل ہو جائے گا۔

کنور دلشاد نے مزید کہا چیف جسٹس سے الیکشن کمشنر کی ملاقات کے بعد سارے معاملات طے ہوئے ہوں گے،حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت 9 اکتوبر کو ہو گی،اپیلیں 10 اکتوبر سے 8 نومبر تک کی جاسکیں گی، الیکشن کمیشن 10 نومبر سے 9 دسمبر تک شکایات پر سماعت کرے گا۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو 29 اگست سے قبل گوشوارے جمع کرانے کیلئے مراسلہ ارسال کردیا۔

حکام نے کہا سیاسی جماعتیں چارٹرڈ اکاو¿ٹنٹ کی جاری کردہ آڈٹ رپورٹ جمع کرائیں، آمدنی ،اخراجات سمیت تمام تفصیلات درج ہونی چاہئیں۔