جڑانوالہ واقعہ میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائےگا: ترجمان دفترخارجہ

اسلام آباد(مشرق نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے جڑانوالہ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کو کسی صورت بھی معاف نہیں کیا جائےگا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے فیصل آباد میں ہونیوالے واقعہ کی شدید مذمت کی اور پاکستانی عوام بھی مسیحی برادری سے سلوک پر دکھی ہیں ، اس واقعہ پر اعلیٰ سطح کی تحقیقات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی صورتحال پر پیشرفت بارے مختلف غیر ملکی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، 13 اگست کو گوادر میں دہشت گردی کا ہدف چینی شہری تھے، پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چینی شہریوں کی حفاظت کی اور تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا، پاکستان تمام چینی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنا رہا ہے۔

ترجمان کاکہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات اس قسم کے واقعات سے متاثر نہیں ہوں گے، خطے بالخصوص جنوبی ایشیا کا امن پاکستان اور امریکہ دونوں کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ظلم وستم کی مذمت کرتا ہے، کشمیرمیں موجودہ حالات پر اقوام عالم کو بھی کشمیریوں کی آواز پہنچاتے رہیں گے۔