خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پہلے کی طرح کام کرتی رہے گی،انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی، سعودی سفیر نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور خادم حرمین شریفین، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان و سعودی عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

انوار الحق کاکڑ نے ملکی معاشی استحکام و ترقی کےلئے سعودی حکومت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سعودی عرب میں کام کرنےوالے پاکستانیوں کی بڑی تعداد کا ذکر کیا اور سعودی حکومت سے درخواست کی پاکستانیوں کوہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔

وزیراعظم نے سعودی قیادت کے ویژن کو سراہتے ہوئے کہا سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کو اپنے قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر شمار کرسکتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی و گہرے تعلقات ہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا حال ہی میں قائم کی گئی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) پہلے کی طرح کام کرتی رہے گی بالخصوص سعودی عرب سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز تر کرنے کی بنیاد رکھے گی۔ وزیراعظم نے توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت، آئی ٹی و افرادی قوت کو تعاون کے ممکنہ شعبوں کے طور پر اُجاگر کیا۔

سعودی سفیر نے اعادہ کیا سعودی عرب ،پاکستان برادرانہ رشتے میں بندھے ہیں جس کی خصوصیت باہمی اعتماد، افہام و تفہیم اور مشترکہ مفاد کے تمام دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی تعاون ہے۔

انوارالحق کاکڑ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر بھی ملے۔ نگران وزیراعظم نے معاشی و مالی استحکام کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے انوارالحق کاکڑ کو وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

نگران وزیراعظم نے کہا پاکستان ،متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی و گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کےلئے کام کرنے کے منتظر ہیں۔ انوارالحق کاکڑ نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے اہم کردار پر بھی زور دیا اور اماراتی حکومت سے مسلسل حمایت کی خواہش کا اظہار کیا۔