پی سی بی کا پہلی مرتبہ خواتین کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس دینے کا اعلان
لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلی مرتبہ ڈومیسٹک کرکٹ میں 74خواتین کرکٹرز کے لیے ڈومیسٹک کنٹریکٹس دینے کا اعلان کیا ہے۔اس ضمن میں ان 74 کرکٹرز کو 11 ماہ کیلئے ڈومیسٹک کنٹریکٹس دیئے جائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ اقدام اس بات کا عکاس ہے کہ وہ ملک میں خواتین کرکٹ کی ترقی اور فروغ کو کس قدر اہمیت دیتا ہے اور اس سے اس بات کا بخوبی اندازہ بھی لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف خواتین کرکٹ کی ترقی اور انکے کیرئیر کیلئے بہترین راہ فراہم کرنے اور زیادہ سے زیادہ خواتین کرکٹرز کی شرکت کے سلسلے میں گہری دلچسپی اور واضح سوچ رکھتے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاءاشرف کا کہنا ہے کہ آج پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے یہ اہم موقع ہے کہ ہم نے ِخواتین کرکٹ کی ترقی کے سلسلے میں تاریخی قدم اٹھایا ہے وہ 74 خواتین کرکٹرز کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جو اپنی محنت اور ٹیلنٹ کی بدولت یہ کنٹریکٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔



















