اسلام آباد،راولپنڈی(بیورورپورٹ)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاہے پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے، یقین دلاتا ہوں پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں،ایوان صدر میں نگراں وزیراعظم کی تقریب حلف برداری کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں آرمی چیف نے کہا کہ ہم پاکستان کے آئندہ حالات بارے میں بہت پرامید ہیں، ہم پاکستان کو بہت آگے دیکھ رہے ہیں،آرمی چیف نے کہا پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے، ہمارے ملک میں اللہ کا دیا سب کچھ ہے، اچھے کی امید ہے، اچھا ہی ہوگا،ہم بہت مثبت طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں، مایوسی نہ پھیلائیں لوگوں کو امید دیں،دوسری جانب مسلح افواج کے سربراہان کی جانب سے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دی گئی ،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا آج کا دن ہمیں ہمارے اسلاف کی ان گنت قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، دھرتی کے ہزاروں بیٹوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا،سب عہد کریں قومی اتحاد کو برقرار رکھ کر دشمن قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج عوام کی حمایت سے وطن عزیز کی سالمیت اور امن کا دفاع کرتی رہیں گی ، مسلح افواج پاکستانی عوام کی امنگوں کے مطابق قوم کی خدمت جاری رکھیں گی۔
مایوسی نہ پھیلائیں، پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں: آرمی چیف

















