پاکستانی عوام اور فوج ایک ہیں اور ایک رہیں گے،جنرل عاصم منیر

ایبٹ آباد ( ) 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر مہمان خصوصی تھے، پی ایم اے کے کیڈٹس نے مخصوص انداز میں ڈرل پریڈ کی مہارت کا شاندار مظاہرہ پیش کر کے سر زمین پاکستان اور مادر وطن کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا قوم کو 76 واں یوم آزادی مبارک ہو، بڑی قربانیوں کے بعد پاکستان حاصل ہوا، پاکستان آزادی مسرت اور مساوات کا گہوارہ ہے، اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے آگاہ ہیں، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی۔

چیف آف آرمی سٹاف نے کہا قوم کو یقین دلاتے ہیں افواج پاکستان کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاکستانی عوام اور فوج ایک ہیں اور ایک رہیں گے، دشمنوں کے خلاف ہمیشہ لڑتے رہیں گے، پاکستان کو خوشحال اور مستحکم بنانا مشن ہے، پیغام دو قومی نظریے کی اساس اور برصغیر کے مسلمانوں کی منزل ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا خوف اور مایوسی پھیلانے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، ترقی آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضامن ہو گی، کٹھن دور سے گزر رہے ہیں، پاکستان آرمی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پر عزم ہے، پاکستان بے شمار وسائل اور ان گنت نعمتوں کی سرزمین ہے۔