اختر مینگل کا نوازشریف کو خط، نگراں وزیراعظم کی تقرری پر اظہار برہمی

اسلام آباد (مشرق نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی تقرری پر برہم ہوگئے جس پر انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے تاحیات صدر نواز شریف کو خط لکھ دیا ہے۔ سردار اختر مینگل نے اپنے خط میں لکھا کہ جناب میاں محمد نواز شریف صاحب، امید ہے آپ بمعہ اہلِ خانہ خیریت سے ہوں گے۔ میرا آج کا پیغام گزشتہ پیغام مورخہ 22 جولائی 2022 کا تسلسل ہے کیونکہ جن مسائل کا ذکر میں نے پہلے کیا تھا کاش کہ ان میں کمی آتی لیکن حزبِ روایت ان میں اضافہ ہوتا گیا۔

انہوں نے خط میں لکھا کہ اس کا الزام کسی پر ڈالنے کے بجائے ہم اپنی شومی قسمت کو ہی ٹہرائیں تو بہتر ہوگا، وہی بلوچستان وہی جبری گمشدگیاں، سیاسی حل کے بجائے بندوق سے مسئلے کے حل کی کوشش، سیاست دانوں کے بجائے اسٹیبلشمنٹ کی طرف آس لگانا یا ا±ن کی مشاورت سے مسئلے کا حل تلاش کرنا۔ سردار اختر مینگل نے لکھا کہ میاں صاحب، ہم پر جو گزری یا گزر رہی ہے وہ ہماری قسمت لیکن حیرانگی اس بات سے ہے جو آپ لوگوں پر گزری ا±س سے ابھی تک سبق نہیں سیکھا۔

ہمیں جنرل ایوب سے لیکر جنرل مشرف کے مظالم اچھی طرح یاد ہیں لیکن آپ کی جماعت مشرف اور باجوا کی سازشوں اور غیر آئینی اقدامات کو اتنی جلدی فراموش کرکے ایک بار پھر رات کی تارکیوں میں بغیر اتحادیوں کو اعتماد میں لیے قانون سازی کرکے، جمہوری اداروں کو کمزور کرکے غیر جمہوری طاقتوں کو مزید طاقتور کرکے جمہوریت کے تابوت میں مزید کیلیں ٹھوکنے کے مترادف ہوگا۔

انہوں نے لکھا کہ انسانی حقوق کے برخلاف قانون سازیاں شاید ہم سے زیادہ مستقبل میں آپ حضرات کے ہی خلاف استعمال کیں جائیں گی کیونکہ ہم بلوچستان کے باسیوں کو روزِاول سے انسان سمجھا ہی نہیں گیا۔سردار اختر مینگل نے کہا کہ سی پیک سے اہل بلوچستان کو کیا حاصل ہو آپ سے بہتر اور کون جان سکتا ہے۔

کتنے موٹروے، بجلی اور شمسی توانائی کے منصوبے، میٹرو ٹرینوں اور بسوں سے لےکر صحت اور تعلیم کی سہولتوں سے لےکر پینے کے پانی کے جو منصوبے اور سہولتیں مہیا کی گئی ہیں وہ دنیا کی ترقی کی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہیں، موجودہ دور میں گوادر یونیورسٹی کے قیام بمقام لاہور کا بھی اعلان کیا گیا جو میں سمجھتا ہوں بلوچستان میں تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرےگا۔