اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،خبر نگار)تحریک انصاف نے کہاہے نگران وزیراعظم کے معاملے پر کوئی مشاورت نہیں کی گئی،انوار الحق کاکڑ آئینی ذمہ داریاں نبھائیں تو حمایت کریں گے۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہانگراں وزیراعظم کے مشاورتی عمل میں تحریک انصاف کو شامل نہیں کیا گیا، عوام ،پی ٹی آئی کو انوار الحق کاکڑ سے توقعات ہیں،آئینی ذمہ داریاں نبھائیں تو حمایت کریں گے، 90روز میں انتخابات کرانا آئینی ضرورت ہے،پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا امید ہے نگراں وزیراعظم کا جھکاو کسی کی طرف نہیں ہوگا، امید ہے اسیر کارکنوں کی رہائی کا حکم دیں گے اور صوبوں میں پولیس کو اپنا رویہ بہتر کرنے کی ہدایت دیں گے۔
حماد اظہر نے کہانگران وزیراعظم کے معاملے پر مشاورت نہیں ہوئی ،توقع ہے 3مہینے کے اندر آئین کے مطابق الیکشن یقینی بنائیں گے،عوام کے جمہوری حقوق پر کوئی ضرب نہیں آنے دیں گے،پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہاالیکشن مہم میں تمام سیاسی جماعتوں کو منصفانہ ماحول دینا لازم ہے،پاکستان کسی نئی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہوسکتا،ہزاروں سیاسی قیدی جعلی مقدمات میں قید ہیں، نگراں وزیراعظم کو فوری نوٹس لینا ہو گا۔
علاو ہ ازیں تر جمان پی ٹی آئی نے کہاناجائز حکومت تو ختم ہو گئی مگر جھوٹ کا تسلسل اب بھی قائم ہے،اپنے بیان میں ترجمان نے کہا مسخ شدہ حقائق پر مبنی بیانات قوم پر کسی طور اثر انداز نہیں ہو سکتے،ظالم حکومت نے بجلی کے نرخ 16 سے بڑھا کر 50 روپے کر دئیے، کروڑوں غریبوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا گیا۔
انوار الحق کاکڑ آئینی ذمہ داریاں نبھائیں تو حمایت کرینگے،پی ٹی آئی

















