نگراں وزیراعظم کے معاملے پر شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات آج پھر ہوگی

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر آج پھر مشاورت ہوگی۔ واضح رہے وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو خط لکھ کر مشاورت کیلئے مدعو کیا تھا جس کے وہ وزیراعظم سے ملنے پہنچے۔ دونوں نے ایک دوسرے کے سامنے تین تین نام رکھے ہیں جن پر مشاورت ہوئی۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے نگران وزیر اعظم کے لیے سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان تصدق حسین جیلانی کا نام تجویز کیا ہے جبکہ دیگر ناموں میں صادق سنجرانی، حفیظ شیخ، محمد میاں سومرو، فواد حسن فواد شامل ہیں۔

اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کیلئے 3 دن کا وقت ہے۔ تین دن میں نام فائنل نہ ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائےگا۔ ملک میں عبوری حکومت کا انتظام دیکھنے کیلئے نگران وزیراعظم کے تقرر پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے معاملے پر کوئی ڈیڈلاک نہیں ہے، پوری کوشش ہوگی وزیراعظم کے ساتھ نگران کا نام فائنل کرلیں۔