اسلام آباد (بیورورپورٹ)ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں چیئرمین پی ٹی آئی کو کلاس سی سے بیرک نمبر 2منتقل کر کے ڈاکٹرز کی ٹیم بھی تعینات کر دی گئی ،ڈاکٹرز کی ٹیم 2 شفٹوں میں چیئرمین پی ٹی آئی کا چیک اپ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایت پر چیئرمین پی ٹی آئی کو بی کلاس میں منتقل کیاگیاجبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست منگل کو اعتراضات کےساتھ سماعت کیلئے مقرر کر دی۔
کازلسٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق درخواست پر اعتراضات کیساتھ سماعت کریں گے،درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل میں حراست غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں اے کلاس کی سہولیات فراہمی کا حکم ،ڈاکٹر فیصل سلطان کو سابق وزیر اعظم کا میڈیکل چیک اپ کرنے کی اورفیملی ،وکلا سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
علاوہ ازیںاسلام آبادہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کو سزا کے بعد حق دفاع بحال کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی،اسلام آباد ہائیکورٹ میں حق دفاع بحال کرنے کی درخواست پر سماعت 10 اگست کو ہوگی،مزید برآںچیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا 3اگست کا فیصلہ اعتراضات دور کر کے چیلنج کر دیا۔
دریں اثناتوشہ خانہ کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا،درخواست میں استدعا کی گئی توشہ خانہ کیس کا ٹرائل دوبارہ شروع کیا جائے،کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین کو فیئر ٹرائل کا حق نہیں دیا گیا،کیس کے فیصلے تک سزا معطل کی جائے۔
ادھر وکیل پی ٹی آئی نعیم پنجوتھا نے اٹک جیل میں توشہ خانہ کیس میں قید چیئرمین پی ٹی آئی سے2گھنٹے تک ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم پنجوتھا نے کہا سابق وزیراعظم نے بتایا ”رات کے وقت حوالات میں کیڑے اور دن کے وقت مکھیاں ہوتی ہیں“،جتنا (جیل انتظامیہ) سے ہو سکتا ہے میرے ساتھ برا سلوک کر رہے ہیں۔
وکیل نے کہاچیئرمین پی ٹی آئی سے 2گھنٹے تک لیگل ٹیم کی ملاقات جاری رہی،جان بوجھ کر ایک دن ضائع کرایا گیا ،سابق وزیراعظم کو اوپن واش روم والی جگہ پر رکھا گیا ،کوئی سہولت نہیں دی جارہی،چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاساری زندگی بھی جیل میں رہنے کو تیار ہوں لیکن فسطائیت و ظلم کےخلاف جنگ لڑنی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کلاس سی سے بیرک نمبر 2 منتقل،توشہ خانہ کیس کا فیصلہ چیلنج

















