پیمرا ترمیمی بل واپس ،میڈیا کی آزادی عزیز ہے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پیمرا (ترمیمی)بل 2023واپس لینے کا اعلان کر تے ہوئے کہاہے پیمرا کے پرانے سیاہ قانون کو ختم کرنا چاہتے تھے، مخلصانہ سوچ اور بڑی محنت سے بل تیار کیا ،بعض شقوں پر سامنے آنے والے تحفظات کا احترام کرتے ہیں،جبر، آمریت اور فسطائیت کےخلاف میڈیا کےساتھ ملکر ہمیشہ جدوجہد کی، ایسا کوئی اقدام نہیں کر سکتے جس سے تاثر پیدا ہو میڈیا کی آزادی عزیز نہیں۔

سینٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کا اجلاس کنونیئر فوزیہ ارشد کی صدارت ہوا،وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا بل واپس لینے کااعلان کرتے ہوئے کہامیڈیا، اظہار رائے اور شہری آزادیوں کے آئینی حق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

دوران اجلاس صحافی تنظیموں کے نمائندوں، صحافیوں اور رپورٹرز نے کھڑے ہو کر بل کی حمایت کا اعلان کیا، کمیٹی اراکین ،صحافیوں کی جانب سے وزیر اطلاعات پر زور دیا گیابل واپس لینے کے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔

افضل بٹ نے کہابہت سال بعد ایسا بل آیا جو صحافیوں ، میڈیا ورکرز کےلئے بنا ،صحافیوں کی صورتحال انتہائی ابتر ہے، خود متوسط طبقے کے لوگ ہیں، مالکان صحافیوں کو تنخواہیں ادا نہیں کرتے، بل صحافیوں کی سپورٹ کےلئے ہے، واپس نہ لیا جائے۔

صدر اے پی این ایس سرمد علی نے کہابل کی ایک ایک شق پر مشاورت ہوئی، حمایت کرتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا پیمرا آرڈیننس 2002پرویز مشرف کا کالا قانون تھا،آرٹیکل 19کو پیمرا بل میں ڈالنے کا مطلب آزادی اظہار رائے کو یقینی بنانا ہے،بل پر تمام اراکین وسٹیک ہولڈرز کی رائے کا احترام کرتے ہیں،بل ادھر چھوڑ کر جا رہی ہوں جو بھی حکومت آئے گی بحث کر لے گی۔

بعد ازاں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا تنقید سے نہیں گھبراتی،گالم گلوچ ،بدکلامی کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا،مختلف تجاویز کو غوروفکر کے بعد بل میں شامل کیاجائےگا۔