عوام سے خوفزدہ حکمران انتخابات میں تاخیر چاہتے ہیں: سراج الحق

لاہور (نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام سے خوفزدہ حکمران الیکشن میں تاخیر چاہتے ہیں۔ عدالتوں اور اداروں کے بارے میں شکایتیں لگانے والے بتائیں انہیں ٹھیک کرنا کس کا کام تھا، جنہیں ایک بار نہیں بار باراقتدار ملا انہوں نے عدالتوں ، اداروں ، تھانوں، پٹوار خانوں، زراعت ، صنعت ، تعلیم ، صحت کو ٹھیک کیوں نہیں کیا۔ خزانہ اور توشہ خانہ لوٹنے والوں کا بلاامتیاز احتساب چاہتے ہیں۔ ملک مہنگائی اور بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے، باجوڑ میں درجنوں بے قصوروں کو شہید کردیا گیا، بہاولپور میں والدین سینہ کوبی کررہے ہیں کہ ان کی بچیاں تعلیمی اداروں میں محفوظ نہیں ، یونیورسٹیاں ، کالجز نشہ اور بلیک میلنگ کے اڈے بن گئے، لاہور کے ہسپتال میں معصوم بچی بے ہوش پڑی ہے ، اس کی ہڈیاں توڑ دی گئیں ، بلوچستان میں بدامنی عروج پر تو سندھ میں ڈاکوراج ہے ، اس سب کا ذمہ دار حکمران طبقہ ہے۔ قوم کے پاس واحد راستہ ووٹ کے ذریعے اسلامی انقلاب کی صورت میں بچا ہے، عدل و انصاف کی حکمرانی ، بے لاگ احتساب اور سودی معیشت سے سے نجات کیلئے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حافظ آباد میں جلسہ عام اور لالہ موسیٰ گجرات میں خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر خواتین کے حق وراثت کو یقینی بنائے گی ، الیکشن میں حصہ لینے کیلئے گھر کی خواتین کی طرف سے حق وراثت دینے کا سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا جائے گا، خواتین کیلئے الگ یونیورسٹیاں بنائیں گے ، ان کی عزت و ناموس کے تحفظ کیلئے سخت قوانین اور ان پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، بچیوں کے الگ اور محفوظ پارک بنائیں گے، بزرگ خواتین اور بیواو¿ں کی ریاست کفالت کرے گی، تعلیم اور صحت کی مفت سہولیات دیں گے، بچیوں کی تعلیم لازمی قرار دی جائےگی۔ کنونشن میں امیرجماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم،مرکزی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین دردانہ صدیقی،ناظمہ صوبہ ثمینہ احسان،امیرضلع چوہدری انصرمحمود دھول سید ضیاءاللہ شاہ ، سید حیدر احسان نے بھی شرکت کی۔ حافظ آباد جلسہ عام سے امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر ضلع قاسم تارڑ نے بھی خطاب کیا۔ خواتین ، بزرگوں اور دیگر عوام کی کثیر تعداد نے جلسہ میں شرکت کی۔