پاکستانی عوام کشمیریوں کے رکھوالے ،مذاکراتی پیشکش پر بھارت مثبت جواب دے،مسعود خان

واشنگٹن (خواجہ فاروق)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے پاکستانی عوام کشمیریوں کے حق خودارادیت کے رکھوالے ہیں، بھارتی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے اقدام کی وجہ کشمیریوں کےلئے بڑھتی ہوئی بین الاقوامی ہمدردی کا خوف تھا جبکہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ، سٹی ہالز اور ڈیجیٹل ایکو سسٹم سمیت تمام دستیاب فورمز پر اجاگر رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسعود خان نے نوجوانوں کو کشمیر انفارمیشن ایکو سسٹم قائم کرنے کی ترغیب دی،موجودہ ڈیجیٹل ایکوسسٹم مخالف قوتوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر کےلئے اتنا زیادہ موافق نہیں ہے،حق خود ارادیت کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کےلئے آپ کے پاس اپنا انفارمیشن ایکوسسٹم ہونا ضروری ہے۔

یوم استحصال کے موقع پر ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر بھارت کو بامعنی مذاکرات کی دعوت دے کر ایک مثبت اقدام کیا ،مذاکراتی پیشکش کی گونج نیو دہلی سے بھی آنی چاہیے،تالی دو ہاتھوں سے بجتی ،خودکلامی نہیں ہوسکتی، دو طرفہ ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔ ہائبرڈ طور پر منعقدہ تقریب میں پاکستانی نژاد امریکیوں، کشمیریوں، سول سوسائٹی کے ارکان اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جس میں کشمیر کاز کے حوالے سے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔