اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور (اپنے رپورٹر سے،بیورورپورٹ) یوم استحصال کشمیر پر شہر شہر ریلیاں،مودی کے پتلے،بھارتی ترنگے نذر آتش کیے گئے۔
بھارتی مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں قابض بھارتی مسلح افواج کے مسلسل محاصرے و مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلئے لاہور سمیت ملک بھر میں یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منایا گیا،شہر شہر ریلیاں نکالی گئیں،مظاہرین نے مودی کے پتلے،بھارتی ترنگے نذر آتش کیے،فضا کشمیر بنے گا پاکستا ن کے نعروں سے گونجتی رہی۔
تمام ڈویژنز، ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں بھارتی مظالم کا شکار مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جلسے، جلوس، ریلیوں اور بھارتی مظالم پر مبنی تصاویری نمائشوں کا اہتمام کیا گیا،مذہبی اقلیتوں و طالب علموں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
ادھر صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ غیر قانونی کارروائیوں کا آغاز کیا، اقدامات متنازع علاقے پر قبضہ کرنے اور کشمیری کردارکو مٹانے کیلئے کیے گئے ، بھارت دنیا کو باور کرانے کی کوشش کر رہا ہے جموں و کشمیر غیر متنازع حصہ ہے۔
عارف علوی نے کہا بھارت ہی تھا جو جموں و کشمیر کے مسئلے کو سلامتی کونسل میں لے کر گیا، سلامتی کونسل میں جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا، کشمیری محکوم بنانے کی ہر بھارتی کوشش کا مقابلہ کر رہے ہیں،بھارت کے تمام ہتھکنڈے کشمیریوں کی آزادی کی تڑپ کو نہیں بجھا سکے، بھارت کا کشمیری عوام کے حقوق سے مسلسل انکار غلط و غیر قانونی عمل ہے، سفارتی دوغلا پن بھارتی ریاستی دہشتگردی کی حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا بھارت نے لاکھوں غیر کشمیریوں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے ، موجودہ ووٹر فہرستوں میں رد و بدل کےلئے لاکھوں عارضی رہائشیوں کو شامل کیا، پاکستان تمام یکطرفہ و غیر قانونی اقدامات کو یکسر مسترد کرتا ہے،شہبازشریف نے کہابھارت کشمیر میں ظلم جاری رکھے ہوئے ہے، عالمی برادری کو مزید خاموش نہیں رہنا چاہیے،7دہائیوں سے قابض بھارت بہادر کشمیری عوام کو خاموش کرنے میں ناکام رہا، پاکستان بہادر کشمیری مردوں و خواتین کو سلام پیش کرتا ہے۔
شہبازشریف نے مزید کہاپاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، جنوبی ایشیا کے لوگ امن و استحکام کے خواہاں ہیں۔
یوم استحصال کشمیر پر شہر شہر ریلیاں،مودی کے پتلے،بھارتی ترنگے نذر آتش

















