اسلام آباد (بیورورپورٹ) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف فیصلہ تمام قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد سنایا گیا،گرفتاری کا الیکشن یا حکومت سے کوئی تعلق نہیں،مقدمے کونواز شریف کے کیس سے ملانے کی ضرورت نہیں ۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا سابق وزیراعظم ڈیڑھ سال سے خود پر لگے کسی الزام کا جواب نہیں دینا چاہتے تھے، جواب مانگیں تو عدالت و پولیس پر حملہ آور ہوجاتے تھے،واضح کرنا چاہتی ہوں کیس میں قانونی تقاضے پورے کرنے ، تحقیقات ہونے اور ریفرنس عدالت میں بھیجے جانے کے بعد تمام دلائل مکمل ہونے و پورا موقع دئیے جانے کے بعد فیصلہ سنایا گیا ۔
وزیر اطلاعات نے کہا14 ماہ میں 40 سے زائد پیشیاں ہوئیں تاہم صرف 3 بار عدالت کے سامنے پیش ہوئے، وہ ہر طرح سے کیس سے بھاگنے کے راستے تلاش کرتے رہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا سیشن کورٹ کے تفصیلی فیصلے میںواضح طور پر لکھا ہے چیئرمین پی ٹی آئی کو جواب جمع کرانے کا پورا موقع دیا گیا ابھی صرف توشہ خانہ کیس کی چوری پکڑی گئی ،القادر ٹرسٹ کیس، فارن فنڈنگ کیس اور سائفر کا جواب دینے سے بھی قاصر ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سیاسی نہیں نواز شریف نے خود کو احتساب کےلئے عدالت کے سامنے پیش کیا اور سرخرو ہوئے اگر عمران خان سے سیاسی انتقام لینا ہوتا تو کام پہلے دن اپریل 2022 میں کیا جا سکتا تھا، حکومت نے گرفتار نہیں کیا، ٹرائل کورٹ میں ٹرائل مکمل ہونے کے بعد سزا سنائی گئی،قوم کو نیازی کی اصلیت پتہ چل گئی ،زمان پارک سے گرفتار ہوئے تو باہر کوئی موجود نہیں تھا، چور کےساتھ کوئی کھڑا نہیں ہوتا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کا الیکشن یا حکومت سے تعلق نہیں،مریم اورنگزیب



















