اسلام آباد(بیورورپورٹ)نگراں وزیراعظم کون؟،اختیار شہباز کے سپرد،خاقان،حفیظ شیخ،اسلم بھوتانی،فواد حسن فواد امیدواروں کی دوڑ میں شامل،وزیراعظم جسے مناسب سمجھیں نامزد کردیں،پی ڈی ایم واتحادیوں نے مکمل اختیار دیدیا،اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کی بھی منظوری،
اہم مشاورتی بیٹھک میں 4نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال،ضمنی انتخاب کا معاملہ نگران حکومت پر چھوڑ دیا گیا،ایم کیو ایم نے مزید وقت مانگ لیا،تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں نے نگران وزیر اعظم کیلئے نامزدگی کا اختیار وزیراعظم شہبازشریف کودیدیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کا اجلاس ختم ہوگیا ، ویڈیو لنک اجلاس میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو اور اختر مینگل سمیت دیگر جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے ،ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں نے وزیر اعظم شہبازشریف کو نگران وزیر اعظم کا نام فائنل کرنے کا اختیار دیدیا ۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اور اتحادیوں نے وزیراعظم شہباز شریف پر اعتماد کا اظہار کردیا، اتحادی جماعتوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم جسے مناسب سمجھیں نگران وزیر اعظم کے لئے نامزد کردیں،پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں نے وزیر اعظم کو اپوزیشن لیڈر کے نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت کی بھی منظوری دیدی۔
دوسری جانب ذرائع نے کہا ہے اجلاس میں نگران وزیراعظم کےلئے شاہد خاقان عباسی، حفیظ شیخ ،اسلم بھوتانی اور فواد حسن فواد کے ناموں پر غور کیا گیا جس کے بعد اتحادی جماعتوں نے اس حوالے سے مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے ویڈیو لنک اجلاس میں اسمبلیوں کی تحلیل 9اگست کو کرنے پر تمام رہنماں نے اتفاق کر لیا،نگران وزیر اعظم کی تقرری کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادیوں کے ویڈیو لنک اجلاس میں 4نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
اتحادی جماعتوں کے درمیان نگران وزیراعظم، نئی مردم شماری، ضمنی انتخابات اور اسمبلیوں کی تحلیل پر مشاورت ہوئی،ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے رہنماو¿ں نے اس بات پر اتفاق کیا الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، مردم شماری کے معاملے پر مشترکہ مفادات کونسل جو فیصلہ دے گی قبول ہوگا۔
ذرائع نے بتایا اجلاس میں ضمنی انتخابات کا معاملہ نگران حکومت پر ڈال دیا گیا، شرکاءنے کہانگران حکومت آئندہ کے ضمنی انتخابات کے معاملات کو خود دیکھ لے گی، اتحادیوں نے رائے دی وزیراعظم اور اپوزیشن آپس میں مشاورت سے نگران وزیراعظم کا انتخاب کرلیں۔
اجلاس میں بلوچستان سے جسٹس ریٹائرڈ شکیل بلوچ کا نام نگران وزیر اعظم کیلئے تجویز کیا گیا، نگران وزیراعظم کیلئے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد کا نام بھی زیر غور آیا جبکہ ایم کیو ایم نے نگران وزیراعظم کے نام پر مزید مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا۔
ذرائع نے کہا ہے وزیر اعظم شہباز شریف نے نگران وزیراعظم سے متعلق اتحادیوں سے تجاویز مانگ لیں، وزیراعظم نے اس ضمن میں کہاجو تجاویز دینا چاہے وہ مجھ سے رابطہ کر سکتا ہے، اجلاس میں محسن داوڑ نے بھی نگران وزیر اعظم کیلئے دو نام تجویز کئے۔
نگراں وزیراعظم کون؟،اختیار شہباز کے سپرد

















