لاہور (کرائم رپورٹر،خبر نگار)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تھانہ مزنگ اورسول لائنز کا دورہ کیا،صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر بھی ہمراہ تھے،سائلین نے پولیس عملے کی جانب سے رشوت لینے کی شکایات کیں،دونوں تھانوں کی حالت بری اورصفائی کا انتظام ناقص ، فرنٹ ڈیسک بھی درست کام نہیں کر رہا تھا۔
وزیراعلیٰ کے سوالات کا فرنٹ ڈیسک کا عملہ تسلی بخش جواب نہ دے سکا، تھانوں میں موجود لوگوں نے دادرسی نہ ہونے پر شکایات کے انبار لگادئیے، موٹر سائیکل سوار لڑکے نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کے استفسار پر بتایا سودا سلف لینے باہر نکلا تو پولیس کا عملہ تھانے لے آیا ،رشوت طلب کی گئی،رشوت دی تو میری جان چھوٹی جس پر وزیراعلیٰ محسن نقوی لڑکے کو اپنے ساتھ لے کر فرنٹ ڈیسک پر آئے اور تمام معاملے کی چھان بین کی، تھانے میں موجود دیگر عملے و فرنٹ ڈیسک کے سٹاف نے بھی بتایا لڑکے سے کانسٹیبل نوید نے رقم لی۔
محسن نقوی نے شدید برہمی کا اظہار کیااور رشوت لینے والے کانسٹیبل کو موقع پر ہی گرفتار کرادیا ،محسن نقوی کی ہدایت پر رشوت کی رقم غریب لڑکے کو واپس دلائی گئی، وزیراعلیٰ نے رشوت لینے والے کانسٹیبل کے خلاف محکمانہ کارروائی کا بھی حکم دےدیا،محسن نقوی نے دونوں تھانوں کی حالت زار دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیااور آئی جی کو 3روز کے اندر دونوں تھانوں میں بہتری لانے کی ہدایت کردی ۔
وزیراعلیٰ نے سائلین کی فوری دادرسی کےلئے موقع پر ہی احکامات دیئے،حوالات میں بند قیدیوں سے کیسز کا استفسار کیا،محسن نقوی نے فرنٹ ڈیسک میں درج ہونے والے درخواستوں پر کارروائی کا جائزہ لیا اور بعض درخواستوں پر مزید کارروائی نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے تھانے میں روزنامچہ چیک کیا اور کہادونوں تھانوں کا دورہ کر کے مایوسی وزمینی حقائق سے آگاہی ہوئی،تھانوں میں مظلوم کی دادرسی کاموثر نظام ہی انصاف کی بنیادہے،دونوں تھانوں کو بہتر بنانے کیلئے آئی جی پولیس کو ٹاسک دےدیا ۔
دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب پبلک لائبریری ،وزیر خان بارہ دری ،ٹولنٹن مارکیٹ ،بادشاہی مسجد کا 3گھنٹے طویل دورہ کرکے پنجاب پبلک لائبریری کے ریکارڈ روم، ریڈنگ روم، انگلش سیکشن، کمپیوٹر لیب و دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔
محسن نقوی نے ریکارڈ روم میںقدیم پیسہ اخبار کی فائل طلب کی اورمطالعہ کیا،وزیراعلیٰ نے کہاپیسہ اخبار صحافتی تاریخ کا اثاثہ ،محفوظ کرنا اور سنبھالنا فرض ہے،محسن نقوی نے وزیر خان بارہ دری کی اصل حالت میں بحالی کا حکم دیا اورڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کو وزیر خان بارہ دری کی اصل حالت میں بحالی کا پلان جلد پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب پبلک لائبریری کی تعمیر و مرمت اورتزئین وآرائش کا جامع پلان بھی مانگ لیا، محسن نقوی قدیم ٹولنٹن مارکیٹ بھی گئے،مختلف حصوں کا جائزہ لیا،وزیراعلیٰ نے بادشاہی مسجد میںتبرکات مقدسہ سیکشن،دیگر حصوں اوربرآمدوںکا دورہ کیا،تبرکات مقدسہ کو اعلیٰ معیار کے مطابق محفوظ اور ہر تبرکات مقدسہ کو علیحدہ علیحدہ رکھنے کی ہدایت کردی۔
محسن نقوی کادبنگ ایکشن،رشوت خور کانسٹیبل کو گرفتار کرادیا،غریب کو رقم واپس



















