ساہیوال(چوہدری اشرف سے)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کے سالانہ بجٹ 2023-24 کی منظوری دےدی گئی جس کے مطابق بورڈ کی متوقع آمدن ایک ارب 88 کروڑ 5لاکھ83ہزار روپے جبکہ اخراجات کا تخمینہ ایک ارب65کروڑ49لاکھ28ہزار روپے لگایا گیا ہے۔ مالی سال 2023-24 کے اختتام پر سال 2022-23کی 48کروڑ 96لاکھ48ہزار روپے کی بچت کے مقابلے میں بچت 22 کروڑ 56 لاکھ 54 ہزار روپے رہے گی۔ بجٹ کی منظوری بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن/چیئرمین بورڈ شعیب اقبال سید نے کی جبکہ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر رابعہ اختر اور کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت سمیت بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے بجٹ کی تیاری میں متعلقہ بورڈ ملازمین کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کفایت شعاری پالیسی اپناتے ہوئے بورڈ اخراجات میں کمی کی جائے۔ انہوں نے بڑھتی ہوئی دفتری ضروریات کو پورا کرنے کےلئے مختلف عمارتوں کو کرائے پر حاصل کرنے کے رجحان پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ جگہ کی کمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیں تاکہ کسی سرکاری عمارت میں بورڈ کے اضافی دفاتر کو منتقل کیا جا سکے۔ اجلاس میں گورنمنٹ کالج ساہیوال کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد نے تجویز دی کہ بورڈ پچھلے 11سال سے کالج کی عمارت میں کام کر رہا ہے جس کا کوئی کرایہ وصول نہیں کیا جاتا لہذا بورڈ کالج کے بچوں کےلئے خصوصی وظائف مختص کرے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ اس سے پہلے سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر رابعہ اختر نے اجلاس میں بجٹ پیش کیا اور بتایا کہ موجودہ مالی سال کے دوران بورڈ کی نئی عمارت کی تعمیر کےلئے 18کروڑ 67لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال بچوں سے ایڈمیشن فیس کی مد میں 63کروڑ40لاکھ روپے جبکہ سکولوں اور کالجوں کی رجسٹریشن کی مد میں 46 کروڑ 64لاکھ روپے آمدن متوقع ہے۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدکی ہدایت پر مڈھالی روڈ پر تجاوزات کے خلاف مہم شروع کر دی گئی ہے تاکہ ٹریفک کے مسائل حل ہو سکیں اور وہاں جاری ترقیاتی منصوبہ بھی کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رہے۔ انہوں نے شہر کی بڑی شاہراہوں پر بنائے گئے سپیڈ بریکر ختم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ بڑی سڑکوں کی بجائے سائیڈ روڈز پر سپیڈ بریکرز بنائے جا سکتے ہیں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ ذیب، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، اے سی جنرل علیزہ ریحان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور پسپ کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔انہوں نے عوام میں صفائی کی اہمیت اجاگر کرنے اور شہر کو صاف رکھنے میں اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی آگہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔ سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ شہر میں پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور اب تک پانی کے کنکشن فراہم کرنے کے ہدف43130کے مقابلے میں 28906کنکشن فراہم کر دیے گئے ہیں جبکہ مڈھالی روڈ اور کچا نورشاہ روڈ کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر نے فرنیچر بازار میں جاری ریسٹوریشن کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
بی آئی ایس پی ساہیوال بجٹ کی منظوری، کفایت شعاری اختیار کرکے اخراجات میں کمی کی جائے: کمشنر ساہیوال

















