ممکنہ سیلاب کا سب سے زیادہ خطرہ ضلع قصور اور جھنگ میں ہے: ابراہیم مراد

لاہور (کامرس رپورٹر) نگران صوبائی وزیر ابراہیم مراد کا صوبے بھر میں لائیوسٹاک فلڈ پلان کے حوالے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے لہٰذا صوبے بھر میں لائیو سٹاک کے تحفظ کےلئے اہم اقدامات کر رہے ہیں۔ صوبے بھر میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام بڑے اور چھوٹے جانوروں کی ویکسی نیشن شیڈول کے مطابق جاری ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں فلڈ سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو صوبے بھر میں لائیو سٹاک کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔نگران صوبائی وزیر لائیو سٹاک کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں سیلاب کے حوالے کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضلع وار منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ ممکنہ سیلاب کی بدولت سب سے زیادہ خطرہ پنجاب کے ضلع قصور اور ضلع جھنگ میں لاحق ہے۔ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال کیلئے قصور میں 4 ہزار 10 کلو ونڈے کے تھیلے جبکہ جھنگ میں 2 ہزار تھیلے پہنچا دئیے گئے ہیں۔ صوبائی نگران وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے دریا راوی، ستلج اور چناب کے احاطہ میں موجود 8 اضلاع میں 76 سیلابی کیمپوں کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے تین افسران بیک وقت پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں موجود ہیں. انہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات کیلئے سیلابی صورتحال میں آگاہی کیلئے الیکٹرانک، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا پر معلومات کی باقاعدہ ترسیل کی جارہی ہے۔ محکمہ لائیوسٹاک کا فیلڈ سٹاف برساتی موسم کے دوران مکمل طور پر متحرک ہے۔ آخر میں صوبائی نگران وزیر ابراہیم مراد کا کہنا تھا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات بیک وقت مکمل ہونے چاہئیں۔