زیر تعمیر سڑکوں پر سفالٹ شروع کرنے کا شیڈول طلب ،کپاس کے کاشتکاروں کو مکمل معاوضہ دلایا جائے : کمشنر ساہیوال

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے پسپ پروگرام کے تحت شہر کی 3اہم زیر تعمیر سڑکوں پر سفالٹ شروع کرنے کا شیڈول طلب کر لیا۔ سڑکوں کی تعمیر کے معیاری ہونے کو بھی ہرصورت یقینی بنایا جائے، کمشنر کی ہدایت۔ اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہائی سیکورٹی جیل میں سیوریج کے مسائل حل کرنے کےلئے متبادل لائن کی صفائی کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، اے سی جنرل علیزہ ریحان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد اور پسپ کے سٹی اسجد خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے اجلاس کو بتایا کہ علامہ اقبال روڈ پر10اگست، فتح شیر روڈ پر12اگست اور ہائی سٹریٹ پر18اگست سے سفالٹ شروع ہو گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ مڈھالی روڈ پر کام کی سست روی پر چینی کمپنی سی جی آئی کارپ کو مزید10لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے تاکہ ٹائم لائن کے مطابق کام کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ مڈھالی روڈ پر42انچ سیوریج لائن کی تنصیب جاری ہے اور اب تک45فی صد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ چینی کمپنی کو20اگست کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے مڈھالی روڈ پر تجاوزات کی بھرمار پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا اور محکمہ ہائی وے کو تمام تجاوزات بلا امتیاز ختم کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثناءکپاس کے کاشتکاروں کو ان کی فصل کا پورا معاوضہ دلانے کےلئے ضلعی انتظامیہ بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے اور کسانوں کو کھادوں کی وافر دستیابی اور ان کی مقررہ کردہ قیمتوں پر فروخت بھی یقینی بنائی جائے۔ یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے اپنے دفتر میں کپاس کی فصل کے ڈویژنل جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنر ساہیوال اکرام الحق اور ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کپاس کی موجودہ پیداوار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو سختی سے ہدایت کی کہ کسانوں کو حکومت کا فکس کردہ معاوضہ 8500روپے فی من دلانے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران کو فیلڈ میں رہنے اور کپاس کی فصل پر نقصان دہ کیڑوں کے ممکنہ حملے سے نمٹنے کےلئے ان کی مدد کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے بتایا کہ اب تک ڈویژن کی 15جیننگ فیکٹریوں نے42914بیلزپیداوار دی ہے جن میں سے 39100 بیلز فروخت بھی ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر تحصیل میں قائم کسانوں کی سہولت کے لئے قائم 7سہولت مراکز سے 1825زمینداروں کو سروسز فراہم کی گئی ہیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے اگلی فصلوں کے لئے کھادوں کی دستیابی یقینی بنانے اور ان کی زائد قیمت کی شکایات کا فوری نوٹس لینے کی بھی ہدایت کی۔