امریکہ نے مزید چینی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کردیا
واشنگٹن (مشرق نیوز) نے چین سے تعلق رکھنے والی مزید کمپنیوں کو اپنی بلیک لسٹ میں شامل کر لیا ہے اور ان کی مصنوعات کے ملک میں داخلے پر پابندی عاید کردی ہے جبکہ حکام تمام سپلائی چین سے جبری مزدوری کا خاتمہ چاہتے ہیں بالخصوص وہ ایغورجیسی اقلیتوں سے امتیازی سلوک کا خاتمہ چاہتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے بتایاکہ بیٹری بنانے والی کمپنی کیمل گروپ اور مسالے تیار کرنیوالی کمپنی چین گوانگ بائیوٹیک گروپ کو ایغور سے جبری مشقت کی روک تھام کے ایکٹ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ان کمپنیوں پر چین کی حکومت کے ساتھ مل کر جبری مشقت یا ایغور اقلیتوں جیسے ستم رسیدہ گروہوں کے ارکان کو سنکیانگ کے علاقے سے نکالنے کے علاوہ ان کی نقل و حمل پر پابندی یا ان سے جبری مشقت لینے کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔ امریکہ کی تجارتی نمائندہ کیتھرین تائی نے ایک بیان میں کہا کہ ممنوعہ فہرست میں چینی کمپنیوں کے اضافے سے جبری مشقت کے خاتمے کیلئے امریکہ کے غیرمتزلزل عزم کا اظہار ہوتا ہے، جس میں اس بات کو یقینی بنانا بھی شامل ہے کہ جبری مشقت سے تیار کردہ سامان ہمارے ملک میں درآمد نہ کیا جائے۔


















