اسلام آباد(بیورورپورٹ)جنگیں مسائل کاحل نہیں،آئیں !بات چیت سے آگے بڑھیں، وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو پھر مذاکرات کی پیشکش کردی۔
اسلام آباد میں منرل سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتے ہیں، جنگیں مسائل کا حل نہیں، بات چیت سے آگے بڑھا جاسکتا ہے ،اپنے وسائل عوامی مفاد پر خرچ کرنے ہیں،امریکہ سے باہمی احترام و مفادات کی بنیاد پر تعلقات کے خواہشمند ہیں، چاہتے ہیں دونوں ملک ایک دوسرے کو دھوکہ نہ دیں، جنگ کوئی آپشن ہے اور نہ کسی کےخلاف، بھارت سے بھی بات کرنے کو تیار ہیں، مگر شرط ہے ہمسایہ بھی سنجیدہ معاملات میز پر بیٹھ کر حل کرنے پر تیار ہو،مسائل کے حل کیلئے بامقصد مذاکرات کریں، ترقی کیلئے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے۔
شہبازشریف نے کہا رواںماہ حکومت مدت پوری کرکے گھر چلی جائے گی، نگراں حکومت آنے کے بعد الیکشن ہوں گے، نئی حکومت آئے گی، بدقسمتی سے معاشرہ تقسیم در تقسیم ہوچکا، معاشرے میں زہر گھول دیا گیا، وجوہات سب جانتے ہیں، سوچنا ہوگا تقسیم کس نے کیا؟ موجودہ حال تک کس نے پہنچایا؟، قوم موجودہ حالات میں کیسے مثبت نتائج حاصل کرے گی؟،پاکستان کےساتھ 75 سال ظلم کیا گیا، غریب عوام کےساتھ زیادتی کی گئی حق نہیں دیا، میں نے ماضی میں بھی ہمیشہ ٹوٹے پھوٹے الفاظ میں اپنی داستان سامنے رکھی۔
وزیراعظم نے کہامیرا خیال ہے اب سنجیدہ سرجیکل آپریشن کی ضرورت ہے، ماضی میں نیب صرف انہی کو پکڑتا رہا جو حکومت کیخلاف تھے، نیب نے عوام کی دولت لوٹنے والوں کو نہیں پکڑا، ذرا دیکھیں تو سہی نیب نے پورے نظام سے کیا سلوک کیا ؟، صرف سیاستدانوں کی بات نہ کریں وہ تو سلوک کے عادی ہیں، سیاستدانوں کےساتھ تو دہائیوں سے ایسا ہو رہا ہے،نیب لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتا رہا، مسائل کا غیر روایتی حل دینے والے لوگ بھی نیب کا شکار ہوگئے، باتیں بہت ہوگئیں، اب اپنے عمل سے ترقی کے اہداف حاصل کرنے ہیں۔
شہبازشریف نے کہاپاکستان چند سال میں کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا، یکجہتی، اتفاق و اتحاد کے بغیر ترقی نہیں ہوسکتی، زمینی حقائق کو سمجھنا ہوگا،ریکوڈک منصوبہ ملکی تاریخ میں خاص اہمیت کا حامل ہے ،تھر کول دنیا میں کوئلے کے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے،کیا کسی کارٹیل یا سیاسی وجوہات کی بنا پر تذبذب کا شکار تھے،70 کی دہائی میں روس کی شراکت سے پاکستان سٹیل مل کا قیام عمل میں لایا گیا، کرپشن ترقی میں بڑی رکاوٹ بنی، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے، منرل سمٹ کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے، سعودی وزیر نے معدنی وسائل کی اہمیت پر بہترین باتیں کیں، سعودی وزیر کے جذبات کی قدر کرتے ہیں۔
دریں اثناوزیراعظم شہبازشریف نے اپنی ٹوئٹ میںکہالیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور 5 افسروں و جوانوں کی شہادت کو ایک برس بیت گیا، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ساتھیوں نے فرض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کیا، پوری قوم مادر وطن کے سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
شہبازشریف نے کہادشمن کا مقابلہ ہو یا دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ، جوانوں نے کسی قربانی سے گریز نہیں کیا،شہید ہونےوالے افسرقوم کا فخر ہیں، قوم قربانی کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
جنگیں مسائل کاحل نہیں،وزیراعظم نے بھارت کو پھر مذاکرات کی پیشکش کردی



















