اسلام آباد(بیورورپورٹ)اتحادیوں و حکومت کے اتفاق سے قومی اسمبلی 11 اگست کو تحلیل کیے جانے کا امکان ہے،ذرائع کے مطابق مشاورت کے بعد ایڈوائس 11 اگست کو صدر مملکت کو ارسال کردی جائےگی، صدر مملکت نے دستخط نہ کیے تو اسمبلی ایڈوائس بھجوانے کے 48 گھنٹے بعد خود بخود تحلیل ہو جائےگی۔
قومی اسمبلی کی مدت 13 اگست کو رات 12بجے ختم ہو جائے گی،ایڈوائس ملنے پر صدر مملکت حکومت ،اپوزیشن لیڈر کو خط لکھیں گے نگران وزیر اعظم کا نام دیا جائے، اتفاق رائے ہونے کی صورت میں 3دن کی مشاورت کے بعد صدر مملکت کو نوٹیفکیشن کےلئے چند گھنٹے ملیں گے۔
حکومت ،اپوزیشن، نگران وزیر اعظم کےلئے 3 دن میں مشاورت مکمل کر کے نام بھیجنے کے پابند ہیں، اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں الیکشن کمیشن 3روز کے اندر تجویز کردہ ناموں میں سے نگران وزیر اعظم کے نام کا اعلان کردےگا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کےلئے اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس بدھ کو طلب کرلیا،جماعت اسلامی اور جی ڈی اے اراکین کو بھی دعوت دےدی گئی،راجہ ریاض نے کہا نگراں وزیراعظم کیلئے 3 نام تجویز کرونگا،کوشش ہوگی تجویز کردہ ناموں میں ماہر معیشت، سیاست دان اورٹیکنو کریٹ شامل ہوں۔
قومی اسمبلی 11 اگست کو تحلیل کیے جانے کا امکان،اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس طلب
















