ساہیوال (بےورو رپورٹ) صوبائی وزیر لائیو سٹاک ٹرانسپورٹ و معدنیات ابراہیم حسن مراد نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں قربانی اور حق سچ پر کھڑے رہنے کا احساس دلاتا ہے اور علماءو مشائخ نے محرم الحرام کے دوران امن و امان،فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور یگانگت کی فضا کے قیام کےلئے جو کردار ادا کیا ہے اسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں باہمی اتحاد اور ہم آہنگی کے ذریعے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔وہ یہاں کمشنر آفس ساہیوال میں محرم الحرام کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید،ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،آر پی او محبوب رشید،ڈپٹی کمشنر اکرام الحق،ڈی پی او فیصل شہزاد،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈی پی او فیصل شہزاد نے مجالس روٹس پر سیکورٹی انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 9ویں محرم کو ذولجناح کے 23جلوس نکالے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 1654 اہلکار سیکورٹی پر مامور ہیں، جلوس کے راستے میں آنےوالے گھروں،ہوٹلز اور ہوسٹلز کی چیکنگ بھی کی گئی۔ڈپٹی کمشنر اکرام الحق نے بتایا کہ پرامن عاشورہ کےلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ118 سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور ڈپٹی کمشنر افس میں قائم کنٹرول روم بھی مکمل فعال ہے۔بعدازاں صوبائی وزیر ابراہیم مرادنے قصربتول امام بارگاہ اور محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا جائزہ لینے کےلئے پاکپتن بازار،جناح چوک اور لیاقت چوک کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے مرکزی جلوس کے روٹ پر تجاوزات کو فوری طور پر ختم کرنے اور میونسپل اداروں کو 24 گھنٹے فیلڈ میں اپنے فرائض سر انجام دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ بارش ہونے کی صورت میں روٹ میں کھڑے ہونے والے پانی کے نکاس کے لیے تمام مشینری فعال ہونی چاہیے اور تمام ادارے نویں دسویں محرم الحرام کے موقع پر مربوط انداز میں اقدامات کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔صوبائی وزیر نے محرم الحرام کے لئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید،آرپی او محبوب رشید،ڈپٹی کمشنر اکرام الحق اور ڈی پی او کی کاوشوں کو سراہا۔
محرم الحرام ہمیں قربانی اور حق سچ پر کھڑے رہنے کا احساس دلاتا ہے :ابراہیم حسن مراد

















