بلدیہ عظمیٰ لاہور کے اکاﺅنٹ پر ڈاکہ مارنے والے بے نقاب،قانونی کارروائی شروع

لاہور (خبرنگار) محکمہ انسداد رشوت ستانی لاہور ریجن نے بلدیہ عظمیٰ لاہور کے اکاﺅنٹ پر ڈاکہ مارنے والے 10سے زائد افراد کوذمہ دار قرار دیتے ہوئے محکمانہ انکوائری کےلئے سیکرٹری بلدیات کو مراسلہ ارسال کردیا، اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ نے سال 2022 میں عارضی مویشی منڈیوں کی آڑ میں ایک ارب 10 کروڑ روپے کی اضافی ادائیگیوں کی انکوائری جیسا مشکل چیلنج نہ صرف قبول کیا بلکہ پیشہ وارانہ مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے بہت تھوڑے عرصہ میں اصل ذمہ داروں کو نکال باہر پھینکا ، اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ نے بلدیہ عظمیٰ کے خزانے پر شب خون مارنے والے پی ایس او ٹو اینڈمنسٹریٹر وحید الزماں ، چیف کارپوریشن آفیسر علی عباس بخاری، سابق اور حالیہ ایم او فنانس یوسف سندھو، ندیم طاہر، سابق ایم او ریگولیشن زبیر وٹو ، قیصر حنیف، ٹھیکیدار ملک راشد محمود، ملک شہباز،ٹھیکیدار ذیشان، ملک راشد اور ملک تنویر کے ناموں کاذکرتے ہوئے پیڈا کے تحت انکوائری شروع کرنے کی سفارش کر دی تاہم اینٹی کرپشن کی جانب سے درج ہونے والی ایف آئی آر نمبری23 14/میں کلرک فیصل جاوید اور ٹھیکیدار زوہیب کے علاوہ فیلڈ افسرجنہوں نے بوگس ویری فکیشنز کی ہیںوہ بھی شامل ہیں۔اینٹی کرپشن نے علی عباس بخاری کے خلاف واضح الفاظ میںلکھا ہے کہ پرنسپل اکاﺅنٹ آفیسر ہونے کے ناطے انہوں نے مبینہ جعلی بلوں کی منظوری دی، اس طرح ملزم ٹھیکیداروں کو مبینہ بوگس ادائیگیوں کی وصولی میں سہولت فراہم کی، اسکے علاوہ ذرائع آمدن سے زیادہ اثاثے رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے نوکروں کے نام پر بے نامی لین دین اور جائیدادیں رکھنے کا بھی قصور وار قرار دیا ہے، جبکہ ان کی ابزاربشن کو قانون کے منافی قرار دےدیا ہے۔ میاںوحیدالزماں کے بارے میں لکھا گیا ہے کہ ملزم ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے نان سیلری اخراجات سے بوگس بل تیار کئے اور اسی کو استعمال کرتے ہوئے خزانے سے زائد رقم نکالی، جبکہ کرپشن اور ناجائز ذرائع آمدن سے اپنے اثاثہ جات میں بے پناہ اضافہ کرلیا ہے، مزیدمیاں وحید الزماں کی ایم سی ایل میں ابزاربشن غیر قانونی اور سپریم کورٹ کے احکامات کی سریحاّّ خلاف ورزی پر مبنی ہے، تاہم مستقل بنیادوں پر ان کی گریڈ 20 میں ترقی بھی غیر قانونی ہے۔ کلرک قیصر حنیف پر الزام ہے کہ وہ ٹھیکیداروں اور افسروں کے درمیان مصالحتی کردار ادا کرتا رہا ہے۔ اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو لکھے گئے مراسلہ میں ڈیمانڈ کی گئی ہے کہ تمام ملزمان سے سرکاری خزانے کو پہنچائے گئے نقصان کی ریکوری کئے جانے کے ساتھ ساتھ انہیں نوکریوں سے بھی فارغ کیا جائے۔ البتہ اس میگا کرپشن میں ملوث تمام ذمہ داروں کو تین روز بعد معطل تو کردیا گیا ہے مگر ان کے خلاف کاروائی کا آغاز کب شروع ہوگا اور کیا ان کے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور دوران نوکری اختیارات سے تجاوز کرنے پر نوکریوں سے فارغ کئے جانے کی سفارش پر عمل درآمد ہوسکے گا یا نہیں، چناچہ یہ کیس سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کےلئے بڑا چیلنج ثابت ہوگا۔