لاہور ( کرائم رپورٹر) قومی احتساب بیورو لاہور کے ڈائریکٹر جنرل امجد مجید اولکھ نے کہا ہے کہ عوام سے دھوکہ دہی سے متعلقہ کیسز میں ملزمان کے نام فوری طور پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈلوانے کی کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے ، متاثرین کے نقصانات کا جلد از جلد ازالہ اور کرپٹ عناصر کو قرار واقعی سزا دلوائی جائےگی ۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب ) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں نیب لاہورنے عوام کے مسائل ترجیہی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے دوسری ماہانہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور امجد مجید اولکھ کی نگرانی میں کھلی کچہری میں متاثرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مسائل و شکایات سے آگاہ کیا۔ کھلی کچہری میں سائلین کی بڑی تعداد کرپشن و دھوکہ دہی کی شکایات لئے پہنچی جہاں ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے سائلین کے مسائل اور شکایات کو نہ صرف بغور سنا بلکہ متاثرین کی شکایات پر متعلقہ آفیسران کو فوری ٹھوس اقدامات اٹھانے کے احکامات بھی صادر کئے جبکہ سائلین کو ان کی شکایات پر ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ رکھنے کےلئے منظم طریقہ کار کے اجرا کے احکامات بھی جاری کئے۔نیب لاہور میں منعقدہ کھلی کچہری میں دادرسی کیلئے آنیوالے سائلین کی اکثریت عوام کو منافع کی لالچ دےکر خطیر سرمایہ اکٹھا کرنے اور ہاﺅسنگ سیکٹر سے متعلقہ کیسزکے متاثرین کی تھی جن میں خیابانِ امین ہاسنگ سوسائٹی، لاہور موٹروے سٹی،پاک میمن گروپ، ابوزر ہاسنگ سکیم اورفارمنائیٹس ہاسنگ سوسائٹی کے متاثرین کی رہی۔نیب لاہور نے تمام سائلین کی شکایات پر جانچ پڑتال کے عمل کا آغاز کر دیاہے تاکہ مذکورہ کیسز میں جلد ازجلد پیشرفت کرتے ہوئے متاثرین کی دادرسی ممکن بنائی جاسکے۔ اس موقع پر ڈی جی نیب لاہور نے متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیئر مین نیب کی قیادت میں نیب لاہور بدعنوان عناصر کیخلاف بھرپور اقدامات اٹھانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد متاثرین کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی ہے جس کی وہ ازخود نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام شکایت کنندگان کو ریلیف فراہم کرنانیب کا مشن ہے جبکہ عوام سے دھوکہ دہی سے متعلقہ کیسز کے سائلین کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے تمام ملزمان کے نام فوری طور پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈلوانے کی کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کو ملک سے فرار ہونے سے روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی نیب لاہور کرپٹ عناصر سے اربوں روپے کی ریکوری ممکن بنا چکا ہے تاہم مستقبل میں بھی عوام کے مسائل کو ترجیہی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عملی اقدامات اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھا جائیگاتاکہ متاثرین کے نقصانات کا جلد از جلد ازالہ کیا جا سکے اور کرپٹ عناصر کو قرار واقعی سزا دلوائی جاسکے۔انہوں نے متاثرین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ نیب لاہور ہر ماہ کے آخری جمعہ کو صبح 10سے 12بجے کے درمیان کھلی کچہری کا انعقاد کرے گا تاکہ سائلین کو فوری انصاف کی راہ ہموار ہو سکے۔کھلی کچہری میں شرکت کرنیوالے تمام متاثرین نے چیئر مین نیب کے ویژن اور نیب لاہور کے عملی اقدام کو سراہا اور اظہار تشکرکرتے ہوئے کھلی کچہریوں کے انعقاد کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کی درخواست کی۔
عوام سے دھوکہ دہی، کرپٹ عناصر کو قرار واقعی سزا دلوائی جائیگی : ڈی جی نیب لاہور

















