پاکستان امن کاخواہاں ،روس یوکرین تنازع بات چیت سے حل کیاجائے،بلاول بھٹو

اسلام آباد (بیورورپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پاکستان خطے میں امن کاخواہاں ہے،یوکرین روس جنگ میں ہلاکتوں پر افسوس ہے، تنازع خطے کے مفاد میں نہیں،بات چیت سے حل کیاجائے،امن کیلئے اٹھائے گئے ہر اقدام کی حمایت کریں گے،یوکرائن کو اسلحہ فراہم نہیں کررہے ہیں،خبریں بے بنیاد ہیں۔

یوکرینی وزیر خارجہ 2روزہ دورے پر اسلام آبادپہنچے ، 1993 میں پاکستان ،یوکرین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد یوکرین کے وزیر خارجہ کا پہلا دورہ پاکستان ہے،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزارت خارجہ پہنچنے پریوکرائن کے ہم منصب کا استقبال کیا، بعد ازاں دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امورپرتفصیلی تبادلہ خیال کیا،وزارت خارجہ کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔

یوکرینی وزیر خارجہ دمیرتوکولیبا کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاپاکستان کے یوکرین کےساتھ دیرینہ دوستانہ و تاریخی تعلقات ہیں، دوطرفہ تجارت، ثقافت ،سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، پاکستان یوکرین کےساتھ دوطرفہ تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، انسانی حقوق کونسل میں مذہبی آزادیوں کی قرارداد پر پاکستان کی حمایت کرنے پر یوکرین کا شکریہ ادا کرتے ہیں، عالمی مارکیٹ میں یوکرینی اشیا کی رسائی کو آسان بنایا جائے، روس یوکرین تنازع سے ترقی پذیر ممالک زیادہ متاثر ہیں،یوکرین کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں، توقع کرتے ہیں دونوں ممالک لڑائی بڑھانے کی بجائے عوام کی بھلائی کیلئے امن کی جانب بڑھیں گے، سفارتکاری و مذاکرات کے ذریعے لڑائی کے حل کی توقع کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہاملاقات میںاقتصادی، تجارتی، زرعی، دفاعی شعبوں میں تعاون سمیت تعلقات میں وسعت پر اتفاق کیا گیا۔

یوکرینی وزیر خارجہ دمیرتوکولیبا نے کہا پاکستان ،یوکرین کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، مستقبل میں دو طرفہ تجارت و تعلقات میں وسعت کے خواہاں ہیں، میں پہلا یوکرینی نہیں جس نے پاکستان کا دورہ کیا، مستقبل کی جانب دیکھ رہے ہیں کیا حاصل کر سکتے ہیں، یوکرین پاکستان کو اچھا پارٹنر سمجھتا ہے، دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم، روابط بڑھانے کی ضرورت ہے، روس بلیک سی معاہدے سے پیچھے ہٹ گیا،چاہتے ہیں پاکستان یوکرائن کا ساتھ دے ۔