ستلج ،پانی میں مسلسل اضافہ ، حفاظتی بند ٹوٹنے سے فصلیں تباہ ،کئی دیہات متاثر

لاہور،بہاولنگر،پاکپتن،قصور،وہاڑی،گجرات (خبر نگار،بیورورپورٹ)دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہونے لگا ، ہیڈسلیمانکی، لالہ امرسنگ اور بھونڈی کے قریب حفاظتی بند ٹوٹنے سے فصلیں تباہ اور کئی دیہات متاثر ہوگئے۔

دریائے ستلج میں سلیمانکی ہیڈ سے 81071کیوسک پانی کا گزرنے والا ریلا عارف والا کی حدود میں داخل ہوگیا، بلاڑی قصوریہ اراضی دلاور کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہو کر16فٹ تک پہنچ چکی ، بڑے پیمانے پر فصلیں تباہ ہو گئیں ،دیہاتیوں کے بنائے عارضی بند بھی سیلابی پانی نے توڑ دیئے ،ریسکیو ٹیمیں مکینوں کو ریلیف کیمپوں ،محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب لاہور سمیت متعدد شہروں میںموسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا،گوجرانوالہ میں چند گھنٹوں کے دوران 138ملی میٹر تک بارش سے سڑکیں ،انڈرپاسز تالاب بن گئے، چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں مزدور جاں بحق ،5افراد زخمی ہوگئے، نشیبی علاقے زیرآب آنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔