شہباز،زرداری ملاقات،بیوروکریٹ کی بجائے سینئر سیاستدان کونگران وزیراعظم بنانے پر اتفاق

لاہور(اپنے رپورٹر سے،نمائندہ خصوصی)شہباز،زرداری ملاقات،نگران وزیراعظم بیوروکریٹ کی بجائے سینئر سیاستدان کو بنانے پر اتفاق کرلیا گیا،سابق صدر آصف زرداری نے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں نگران سیٹ اپ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اورنگران وزیر اعظم بیوروکریٹ کی بجائے سینئر سیاست دان لانے پر اتفاق کیا گیا۔

آصف زرداری نے موجودہ اسمبلیوں کی مدت اگست کے دوسرے ہفتے میں ختم کرنے کی تجویز دی ،وزیراعظم نے دیگر اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کرائی،سابق صدر آصف زرداری نے وزیراعظم کے آئی ایم ایف سے امدادی پیکیج کیلئے کلیدی کردار کو سراہا اور ڈیل پر مبارکباد دی، وزیراعظم شہباز شریف نے آصف زرداری کا شکریہ ادا کیا۔

سابق صدر نے کہاپی ٹی آئی حکومت معیشت کیلئے جو بارودی سرنگیں بچھا کر گئی اسے ملکر صاف کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا ساری توجہ معیشت کی مضبوطی پر ہے ،کامیابیاں مل رہی ہیں، ملک سے انتشار اور فتنے کی سیاست کا جڑ سے خاتمہ کرکے سیاسی استحکام کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملک کو ڈیفالٹ کرنے والوں کا خواب خواب ہی رہ گیا۔