اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں اور سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔ یوم شہدائے کشمیر پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 92 ویں یوم شہدائے کشمیر پر ا±ن 22 کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے 1931 میں ڈوگرہ فورسز کی اندھا دھند فائرنگ کا سامنا کرتے ہوئے عظیم قربانی دی، اس افسوسناک دن پر پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ 1931 کے شہدا کی قربانیوں کو یاد کرتی ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یہ امر باعث افسوس ہے کہ کشمیری آج بھی بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں، آج بھی 9 لاکھ سے زائد قابض بھارتی افواج جموں و کشمیر پر اپنے ناجائز قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے کشمیری عوام کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں، بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کشمیری عوام سے ان کی الگ شناخت چھیننے اور انہیں اپنی ہی سرزمین پر اقلیت میں تبدیل کرنے کی ایک اور کوشش تھی۔
مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بندکی جائیں: صدر مملکت



















