پاکستان کیلئے 3ارب ڈالر کاقرض پروگرام منظور

نیویارک،اسلام آباد(بیورورپورٹ)پاکستان کیلئے 3ارب ڈالرز کاقرض پروگرام منظور،آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے سٹینڈ بائی معاہدے کی منظوری دےدی ،فوری طور پر ایک ارب 20 کروڑ ڈالرز کی قسط کااجراءکردیا گیا،سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت پاکستان کو اگلے 9 ماہ میں 3 ارب ڈالرز ملیں گے۔

اعلامیے کے مطابق 1.8 ارب ڈالر کی باقی2اقساط نومبر ، فروری میں دوبارہ جائزوں کے بعد ملیں گی،آئی ایم ایف نے کہاپاکستان کو طے شدہ پالیسیوں پر سختی سے کاربند رہنا ہوگا، معاشی اصلاحاتی پروگرام معیشت کو فوری سہارا دینے کیلئے ہے، پروگرام سے معیشت کو اندرونی و بیرونی عدم توازن دور کرنے میں مدد ملے گی۔

جبکہ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے وارننگ دیتے ہوئے کہاہے گردشی قرضہ کنٹرول نہ کیا تو معاہدے کی خلاف ورزی ہوگی ، شرائط پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو آئندہ شرائط اورزیادہ سخت ہوں گی۔

ذرائع وزارت خزانہ نے کہارواں مالی سال پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2340 ارب پر روکا جائےگا، گردشی قرضہ کم کرنے کےلئے 400 ارب سے زائد جاری کرنے کی منظوری دی گئی ، گردشی قرضہ کم کرنے کےلئے رقم اقساط میں جاری کی جائےگی،مجموعی طور پر رواں مالی سال گردشی قرضے میں 122 ارب کا اضافہ ہوگا تاہم آئندہ مالی سال گردشی قرضے میں کوئی اضافہ نہ ہونے کا پلان آئی ایم ایف کو دیا گیا،ذرائع کے مطابق گردشی قرضہ کنٹرول کرنے کےلئے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ،ریکوریز بہترکی جائیں گی، آئی ایم ایف کےساتھ شیئرپلان کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔


دوسری جانب نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاشکر ہے چیزیں درست سمت میں جارہی ہیں، وزیراعظم نے کچھ ماہ پہلے سعودی عرب، یو اے ای، چین کا دورہ کیا تھا،کوشش ہے حکومتی مدت پوری ہونے تک زرمبادلہ ذخائر14 سے 15 ارب ڈالر کے درمیان ہوں، سٹیٹ بینک کے ذخائر 9 سے 10 ارب ڈالر کے درمیان ہونے چاہئیں۔

وزیر خزانہ نے مزید کہاآئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کا سوچنا بھی زیادتی ہوگی، گزشتہ حکومت کی جانب سے کی گئی خلاف ورزی کی قیمت ملک نے چکائی،کوئی وجہ نہیں نگراں حکومت پروگرام کامیابی
سے مکمل نہ کرسکے۔


مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی ادارے سے قرض کی منظوری کے بعد کہا سنگ میل سخت ترین مشکلات اور بظاہر ناممکن نظر آنےوالی ڈیڈ لائن کےخلاف حاصل کیا گیا، ٹیم کی بہترین کوششوں کے بغیر ممکن نہیں تھا۔


اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا3 ارب ڈالر کے سٹینڈ بائی ایگریمنٹ کی منظوری معاشی استحکام اور میکرو اکنامک استحکام کے حصول کےلئے حکومتی کوششوں میں اہم پیشرفت ہے،معاہدہ فوری سے درمیانی مدت کے معاشی چیلنجوں پر قابو پانے کےلئے ملکی اقتصادی پوزیشن کو تقویت دیتا ہے جس سے اگلی حکومت کو آگے بڑھنے کےلئے مالیاتی جگہ ملتی ہے،وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزارت خزانہ میں ٹیم کی محنت کو سراہوں گا۔


شہبازشریف نے مزید کہامیں خصوصی طور پر عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹرکرسٹلینا جورجیوا،ٹیم کی حمایت اور تعاون ملنے پر نہایت مشکور ہوں۔