ژوب گیریژن پر دہشت گردوں کا حملہ، 4 سکیورٹی اہلکار شہید، 5 شدید زخمی، 3 مجرم جہنم واصل

کوئٹہ (مشرق نیوز) بلوچستان میں ژوب گیریژن پر حملے میں 4 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے اور 5 شدید زخمی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق صبح سویرے دہشت گردوں کے ایک گروپ نے شمالی بلوچستان میں ژوب گیریژن پر حملہ کیا۔ دہشت گردوں کی تنصیب میں گھسنے کی ابتدائی کوشش کو ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں اب تک بھاری ہتھیاروں سے لیس تین دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جبکہ باقی دہشت گردوں کو ایک چھوٹے سے علاقے میں گھیر لیا گیا ہے۔ دو دہشت گردوں کو بھی پکڑنے کیلئے سیکورٹی فورسز کی جانب سے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز بلوچستان اور پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی ایسی تمام گھناونی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔