نیٹو کا یوکرین کی رکنیت کا خیرمقدم ، باضابطہ دعوت سے انکار

ولنیئس (مشرق نیوز) معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم نیٹو کے لیڈروں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ یوکرین کا مستقبل اتحاد کی رکنیت میں مضمر ہے لیکن انہوں نے کیف کو تنظیم میں شمولیت کی دعوت یا کوئی نظام الاوقات دینے سے گریز کیا ہے جبکہ اس موقف کو قبل ازیں یوکرینی صدر ولودی میر زیلنسکی نے مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔لیتھوینیا کے دارالحکومت ولنیئس میں نیٹو کے سربراہ اجلاس کے اعلامیے میں یوکرین کی رکنیت کیلئے ایکشن پلان (ایم اے پی)کو پورا کرنے کی ضرورت کو ختم کردیا گیا ہے جس سے کیف کی اتحاد میں شمولیت کی راہ میں حائل رکاوٹ کو موثر طریقے سے دور کردیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اعلامیہ میں کہا گیا کہ یوکرین کا مستقبل نیٹو سے وابستہ ہے۔ ہم یوکرین کو اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دینے کی پوزیشن میں ہوں گے جب اتحادی متفق ہوں گے اور شرائط پوری ہوجائیں گی۔البتہ اعلامیہ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یوکرین کو کن شرائط پر پورا اترنے کی ضرورت ہے ، لیکن تنظیم کے لیڈروں نے کہا کہ اتحاد کیف کو فوجی باہمی تعاون کے ساتھ ساتھ ا جمہوریت اور سلامتی کے شعبے میں اضافی اصلاحات پر پیشرفت کرنے میں مدد کرےگا۔ولودی میر زیلنسکی نے اس سے قبل نیٹو رہنماﺅں کو رکنیت کیلئے کوئی ٹائم فریم پیش نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔انھوں نے نیٹو کے سربراہ اجلاس میں خصوصی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی ہے۔