لاہور (خبرنگار+ اپنے رپورٹر سے) بھارت کی آبی جارحیت، دریائے راوی اور چناب میں پانی چھوڑ دیا، ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام محکمے الرٹ، این ڈی ایم اے نے 20 جولائی تک حساس علاقوں کی مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
بھارت نے راوی اور چناب میں پانی چھوڑنے کے بعد پاکستان کو مطلع کردیا، بھارتی کمشنر نے سندھ طاس دفتر کو فون کر کے مطلع کیا، راوی کے معاون اوج دریا میں 83 ہزار، چناب کے معاون دریا جموں توی میں 83 ہزار 400 کیوسک کا ریلا چھوڑا گیا، بھارت کی جانب سے مطلع کیا گیا کہ مرالہ پر بہاو 2 لاکھ 20 ہزار کیوسک تک جاسکتا ہے، درمیانے درجے کا سیلاب ہوگا۔
ادھر پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا 65 ہزار کیوسک پانی کا ریلا اگلے 20 سے 24 گھنٹوں میں راوی پہنچے گا، ریلے کے باعث جسر کے مقام پر دریائے راوی میں کم نوعیت کی سیلابی کیفیت متوقع ہے، الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ انتظامیہ 20 جولائی تک حساس علاقوں، مرالہ ہیڈ ورکس اور جسر پر مانیٹرنگ جاری رکھے، عوام کو بارشوں کی پیشرفت، تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جائے، راوی سے منسلک اضلاع ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے تیاریاں مکمل رکھیں اور الرٹ رہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے ہدایت کی دریائے راوی ، چناب سے منسلک تمام اضلاع میں ریلیف کیمپس کا قیام بروقت یقینی بنائیں، ممکنہ نشیبی علاقوں میں بسنے والے افراد ،مویشیوں کا انخلا بروقت یقینی بنایا جائے، تمام ادارے ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنے کےلئے تیاریاں مکمل رکھیں۔ مشینری، عملے کو ہائی الرٹ رکھا جائے،بروقت اقدامات کرکے ہی نقصانات سے بچا جا سکتا ہے، شہری دریاﺅں، ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
دریں اثنانگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظردریائے راوی کا دورہ کیا اور پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا،محسن نقوی نے متعلقہ محکموں، اداروں کو پانی کے بہاﺅ کو 24 گھنٹے مانیٹرکرنے، انسانی جانوں کے تحفظ کےلئے دریائے راوی کے بیڈمیں موجود آبادیوں کے انخلا کا حکم دیا۔
نگران وزیراعلیٰ نے محکمہ آبپاشی، پی ڈی ایم اے، ریسکیو1122کو چوکس رہنے اورتمام ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دریائے راوی کی قریبی آبادیوں میں ریلیف و میڈیکل کیمپس قائم کیے جائیں، تمام تیاریاں مکمل رکھیں، پیشگی انتظامات کے سلسلے میں کوتاہی یا غفلت برتنے کی کوئی گنجائش نہیں، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے میڈیکل کیمپ، ریسکیو 1122 کی کمانڈ پوسٹ کا معائنہ کیا، ریسکیو کی فرضی مشقیں بھی دیکھیں۔
بعدازاں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا بھارت نے معمول کے مطابق پانی چھوڑا ،فی الحال سیلاب کا خطرہ نہیں، پوری انتظامیہ الرٹ ہے،چیف سیکرٹری ،آئی جی نے 4گھنٹے طویل میٹنگ میں پیشگی انتظامات کا جائزہ لیا،صوبائی وزرا بھی فیلڈ میں صورتحال کو مانیٹر کررہے ہیں، جو کچھ انسانی بس میں ممکن ہوا وہ تمام انتظامات کریں گے، انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے دریا کے اندر آبادیوں سے انخلا یقینی بنا رہے ہیں، دریا کے بیڈ میں تجاوزات ختم کرنا ضروری ہے۔
ایک سوال کے جواب میںمحسن نقوی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے زیادہ پانی چھوڑے جانے سے پنجاب کے دریاﺅں میں طغیانی کی کیفیت ہوسکتی ہے۔
بھارت کی آبی جارحیت، دریائے راوی، چناب میں پانی چھوڑ دیا، تمام محکمے الرٹ

















