بیرونی ادائیگیوں کیلئے 8 ارب ڈالر کا فنانسنگ پلان آئی ایم ایف کے سپرد

اسلام آباد(بیورورپورٹ) پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کوبیرونی ادائیگیوں کےلئے فنانسنگ پلان فراہم کردیا جس میں پاکستان نے آئی ایم ایف کو 6 ارب ڈالر کی بجائے 8 ارب ڈالر کی فنانسنگ کے انتظامات سے آگاہ کیا ،وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)نے بیرونی ادائیگیوں کےلئے 6 ارب ڈالر کی یقین دہانیاں مانگی تھیں جبکہ پاکستان نے بیرون ادائیگیوں کیلئے 8 ارب ڈالرکی یقین دہانیاں کرادیں،ذرائع وزارت خزانہ نے کہاہے چین پاکستان کو ساڑھے تین ارب ڈالر فراہم کرے گا، چین کے دو ارب ڈالر ڈیپازٹ میں رکھے رہیں گے جبکہ چین کے کمرشل بینک ڈیڑھ ارب ڈالرفراہم کریں گے،وزارت خزانہ ذرائع نے کہا ہے سعودی عرب پاکستان کو 2ارب ڈالر ، متحدہ عرب امارات ایک ارب ڈالر، عالمی بینک 50کروڑ ڈالر اور ایشیا انفراسٹرکچر بینک 25کروڑ ڈالر فراہم کرے گا،وزارت خزانہ حکام نے کہاہے جنیوا کانفرنس کے اعلان کردہ 35کروڑ ڈالربھی پاکستان آئیں گے،دوسری جانب آئی ایم ایف کے وفد کا ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماو¿ں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ، زمان پارک میں چیئرمین پی ٹی آئی سے آئی ایم ایف کے وفد نے ملاقات کی،اس حوالے سے آئی ایم ایف کی نمائندہ برائے پاکستان ایستر پیریز نے کہاپاکستان میں اہم سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں،ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے نمائندوں سے ملاقاتوں کا مقصد قرض پروگرام کی پالیسیوں پرعمل کی یقین دہانی حاصل کرنا ہے۔